پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے اپنے بیٹوں کو پاکستان آنے سے روک دیا۔
یہ بھی پڑھیں: جمائما نے قاسم و سلیمان کو پاکستان آنے سے کیوں روکا؟ وجہ سامنے آگئی
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے واضح کیاکہ قاسم اور سلیمان پاکستان واپس نہیں آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اُن کے بیٹے نہ کسی احتجاجی تحریک میں حصہ لیں گے اور نہ ہی کسی قسم کی تحریک کی قیادت کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں زیرگردش تھیں کہ عمران خان کے بیٹے قاسم اور سلیمان اپنے والد کی رہائی کے لیے احتجاج میں شرکت کے لیے پاکستان آئیں گے۔
قاسم اور سلیمان نے حال ہی میں امریکا کا ایک دورہ بھی کیا، اس دوران یہ خبریں بھی زیر گردش رہیں کہ عمران خان کے بیٹے امریکا سے ایک وفد کے ساتھ پاکستان پہنچیں گے اور احتجاج میں شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے بیٹے قاسم اور سلیمان پاکستان کب آئیں گے؟ علیمہ خان نے پورا پلان بتادیا
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بھی آج گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ قاسم اور سلیمان کی عمران خان سے ملاقات کی اجازت اب تک نہیں ملی، اگر ملاقات کی اجازت کا آرڈر آ جائے تو انہیں پاکستان بلائیں، ابھی تو ہماری اپنی ملاقات بھی عمران خان سے نہیں ہونے دی جا رہی۔