ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز: پاکستان نے آسٹریلیا کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

منگل 29 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں پاکستان چیمپیئنز ٹیم نے اپنی فتوحات کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے چوتھی کامیابی بھی اپنے نام کرلی۔

لیسٹر میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں قومی ٹیم نے آسٹریلیا چیمپئئنز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ کے ہیرو سابق اسپنر سعید اجمل ثابت ہوئے، جنہوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 16 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز 2025: پاکستان چیمپیئنز نے انگلینڈ کو 5 رنز سے ہرادیا

آسٹریلوی ٹیم سعید اجمل کی ’دوسرا‘ اور ’گوگلی‘ گیندوں کو سمجھنے میں مکمل ناکام رہی اور پوری ٹیم محض 74 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈنک 26 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹر رہے جبکہ 9 کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی نہ پہنچ سکے۔

پاکستان کی طرف سے بولنگ میں عماد وسیم نے 2، جبکہ سہیل خان اور سہیل تنویر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز شرجیل خان اور صہیب مقصود نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور آٹھویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ شرجیل خان نے 32 اور صہیب مقصود نے 28 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ چیمپیئنز شپ آف لیجنڈز: پاک بھارت میچ منسوخ ہونے پر شاہد آفریدی کا ردعمل آگیا

یاد رہے کہ پاکستان نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ افتتاحی میچ میں انگلینڈ کو شکست دی، دوسرے میچ میں بھارت کی جانب سے بائیکاٹ کے باوجود پاکستان نے تیسرے مقابلے میں جنوبی افریقہ کو 31 رنز سے ہرایا، جبکہ چوتھے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 49 رنز سے زیر کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp