پاکستان کی معاشی شرحِ نمو ہدف سے کم رہے گی، آئی ایم ایف کی پیشگوئی

بدھ 30 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے خبردار کیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معیشت مقررہ ہدف سے کم رفتار سے ترقی کرے گی۔ ’ورلڈ اکنامک آؤٹ لک 2025‘ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی شرح نمو 4.2 فیصد کے بجائے 3.6 فیصد تک محدود رہنے کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کے لیے عالمی شرح نمو 3 فیصد اور آئندہ سال 2026 میں 3.1 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں افراطِ زر کی شرح 2025 اور 2026 کے درمیان نسبتاً کم رہنے کی توقع ہے، تاہم امریکا میں مہنگائی مقررہ ہدف سے زائد رہنے کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں معاشی ترقی کی رفتار 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، آئی ایم ایف

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی معیشت کو بدستور غیر یقینی صورتحال اور معاشی خطرات لاحق ہیں، جن میں جغرافیائی کشیدگیاں اور اشیا کی قیمتوں میں اضافہ شامل ہیں۔ ایسے حالات عالمی مالی نظام کے استحکام کے لیے چیلنج بن سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکا اور چین نے تجارتی تنازعات میں وقتی نرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 90 دنوں کے لیے اضافی محصولات کو معطل کیا تھا، تاہم یہ رعایت یکم اگست کو ختم ہو رہی ہے، جس کے بعد تجارتی کشیدگی ایک بار پھر بڑھنے کا خدشہ ہے۔

آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ اگر عالمی سطح پر غیر یقینی اور کشیدہ حالات برقرار رہے، تو ترقی پذیر معیشتوں کو مزید دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp