حکومت پاکستان کا جرمن کوہ پیما لورا ڈہلمیئر کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار

جمعرات 31 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے گلگت بلتستان کی لیلیٰ پیک پر کوہ پیمائی کے دوران حادثے میں معروف جرمن ایتھلیٹ اور کوہ پیما لورا ڈہلمیئر کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لورا ڈہلمیئر عالمی سطح پر ایک مثالی کھلاڑی تھیں اور دنیا بھر کے نوجوانوں کے لیے مشعل راہ تھیں۔ ان کا حوصلہ، عزم اور کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق حکومت پاکستان لورا کے اہل خانہ، عزیزوں اور جرمن قوم سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: جرمن اولمپیئن لارا ڈاہل مائر پاکستان میں کوہ پیمائی کے دوران جان گنوا بیٹھیں، انوکھی وصیت کیا تھی؟

واضح رہے کہ لورا ڈہلمیئر رواں ماہ 28 جولائی کو لیلیٰ پیک سر کرنے کی مہم کے دوران بھاری پتھروں کے گرنے سے ایک خطرناک مقام پر جا گریں۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق خراب موسم کے باعث فضائی تلاش ممکن نہ ہوسکی تاہم گراؤنڈ ٹیموں نے امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ بعد ازاں اُن کی تلاش کا آپریشن ختم کر دیا گیا اور اُنہیں مردہ قرار دیا گیا۔ لورا کی میت کو واپس لانے کے لیے مستقبل میں مخصوص حالات میں دوبارہ کوشش کی جائے گی۔

لورا ڈہلمیئر کا تعلق جرمنی سے تھا اور وہ بین الاقوامی سطح پر بیاتھلون کی ممتاز کھلاڑی تھیں، جنہوں نے متعدد عالمی اعزازات اپنے نام کیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp