معروف ملیالم فلمی اداکار، مزاحیہ فنکار اور نقال کلا بھون ناواس کو جمعہ کی شام کوچی کے قریب چوٹانیکارّا کے ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پایا گیا۔ ان کی عمر 51 سال تھی۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، ہوٹل کے عملے نے انہیں بے ہوش پایا تو فوراً حکام کو اطلاع دی۔ ناواس کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق، موت کی وجہ دل کا دورہ (cardiac arrest) معلوم ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے چینی ناول نگاری کا اہم باب بند، چیانگ یاؤ کی پراسرار موت
پوسٹ مارٹم اور مزید تفصیلات
روزنامہ دی ہندو کے مطابق، موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے ہفتہ کے روز کلامسیری کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ اس کے بعد ان کی میت اہلِ خانہ کے حوالے کی جائے گی۔ فی الوقت ناواس کی میت ایس ڈی ٹاٹا اسپتال، چوٹانیکارّا میں رکھی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے بھارتی اداکار کی اپنے گھر میں پراسرار ہلاکت
فلم کی شوٹنگ کے دوران موت
منورما نیوز کے مطابق، کلا بھون ناواس ملیالم فلم ‘پراکمنم’ کی شوٹنگ کے سلسلے میں مذکورہ ہوٹل میں مقیم تھے۔ انہیں جمعہ کی شام ہوٹل سے چیک آؤٹ کرنا تھا، لیکن جب وہ مقررہ وقت پر ریسیپشن پر نہ پہنچے تو عملہ کمرے میں گیا، جہاں وہ بے ہوش حالت میں پائے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کمرے سے کوئی مشکوک چیز یا حالات برآمد نہیں ہوئے۔














