پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ ملک میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے پیچھے ایک منصوبہ بندی ہے تاکہ تحریک انصاف پر پابندی لگائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے چیئرمین عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ ملک میں جلاؤ گھیراؤ یا کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہو گی۔
قبل ازیں اپنے ایک بیان میں اسد عمر نے عمران خان کی رہائی کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت ملک کو انتشار کی طرف دھکیل رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کے احاطے میں عمران خان کو گرفتار کر نا قابل مذمت ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کی گرفتاری میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ پی ڈی ایم گزشتہ 13 ماہ سے عمران خان کو کنٹرول کرنے کے راستے ڈھونڈ رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو انتخابات التوا کیس میں سپریم کورٹ کے ممکنہ فیصلے سے گھبراہٹ ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس وقت پوری قوم عدالت کی طرف دیکھ رہی ہے۔ امید ہے اس شرمناک اور غیرقانونی اقدام پر ایکشن لیا جائے گا۔