اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے آج ہونے والی سیاسی رہنما کی گرفتاری سے متعلق عسکری ذرائع نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گرفتاری نیب نے قانون کے مطابق کی ہے اور اس سے افواج پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
عسکری ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کچھ شرپسند لیڈران نے اپنے کارکنوں کو اشتعال دلاکر استعمال کیا اور سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات اور عمارتوں کو بِلاوجہ نقصان پہنچایا جبکہ اپنی جلاؤ گھیراؤ سے دباؤ کی سیاست کو آگے بڑھایا-
ایک خاص مذموم منصوبے کے تحت شرپسند عناصر کو حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تنصیبات، عمارتوں اور املاک کو نقصان پہنچانے کا کہا گیا تاکہ دھونس اور جلاؤ گھیراؤ سے اپنے مذموم سیاسی مقاصد کو حاصل کیا جاسکے-
مزید پڑھیں
ذرائع کی جانب سے کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کی طرف سے اس انتشار اور تشدد سے بھرے ہوئے اور ماورائے قانون خلاف ورزیوں کے باوجود قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مکمل تحمل کا مظاہرہ کیا اور آگے بھی کرتے رہیں گے تاہم تحریک انصاف کے کچھ لیڈران سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے لوگوں کو جلاؤ گھیراؤ کی مسلسل ترکیب دے رہے ہیں جو کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جاسکتی اور قانون کے مطابق ایسے عناصر سے نپٹا جائے گا-
عسکری ذرائع نے عوام اسے اپیل کی کہ وہ ایسے شر پسند اور انتشار انگیز عناصر سے دُور رہیں، قانون کو ہاتھ میں ناں لیں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے جیسے گھناونے اقدمات سے دور رہیں-
عسکری ذرائع نے واضح کیا کہ ایسے شرانگیز عناصر اور ان کے سرپرست گینگ لیڈران کی قانون کے عین مطابق سرکوبی کی جائے گی کیونکہ کسی شرپسند کو ملک کا امن اور سکون برباد کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔