اقرار الحسن پاکستان کے معروف صحافی اور ٹی وی میزبان ہیں، جو اپنے مشہور تحقیقی شو ’سرِعام‘ کے لیے جانے جاتے ہیں۔ وہ ’شانِ رمضان‘ جیسے مقبول پروگرام کی میزبانی کر کے بھی بڑی شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ اقرار الحسن کا شمار ان شخصیات میں ہوتا ہے جو نہ صرف اپنے پروفیشنل کام کے باعث خبروں میں رہتے ہیں بلکہ ان کی ذاتی زندگی اور خاص طور پر تین شادیاں بھی اکثر زیرِ بحث رہتی ہیں۔
حال ہی میں اقرار الحسن علی حمزہ کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنی تینوں بیویوں کے حوالے سے بات کی اور بتایا کہ فرح باقی بیویوں سے دور کیوں رہتی ہیں۔
قرۃ العین کے بارے میں بات کرتے ہوئے اقرار الحسن نے کہا قرۃ العین اقرار کی ہر بات زبردست ہے، اور میں اسے بہت چاہتا ہوں۔ کل ہی میں عروسہ سے بات کر رہا تھا کہ عینی کتنی پرفیکٹ انسان ہے، جس میں کوئی خامی نہیں۔ بلکہ یہ بات خود عروسہ نے کہی۔
اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ بالکل نارمل ہے کہ میری بیویاں ایک دوسرے کی تعریف کریں۔ مجھے لگتا ہے کہ عینی نے میرا بچے کی طرح خیال رکھا میری ہر بات کو مانا اور مجھے لگتا ہے کہ وہ بہت بے نیاز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عروسہ اور قرۃ العین ایک ساتھ رہتی ہیں، اس لیے ان کا آپس میں زیادہ لگاؤ ہے۔ فرح کا مزاج تھوڑا مختلف ہے۔ میں اس کے ساتھ لنچ کرتا ہوں، اچھا وقت گزارتا ہوں اور پھر وہ اپنے گھر والوں کے پاس چلی جاتی ہے، جو کہ لاہور میں ہی رہتے ہیں۔ ہمارے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے اور میں اس زندگی پر بہت شکر گزار ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: اقرار الحسن سے شادی نہیں کرنا چاہتی تھی، اینکر کی دوسری بیوی فرح کے انکشافات
خیال رہے کہ اقرار الحسن نے پہلی شادی سابق نیوز کاسٹر قرۃ العین سے 2010 سے قبل کی تھی، جن سے انہیں ایک بیٹا بھی ہے۔ ٹی وی میزبان نے دوسری شادی نیوز کاسٹر فرح سے کی اور ان سے شادی کو بھی ایک دہائی سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔ جبکہ تیسری شادی تقریبا دو سال قبل صحافی عروسہ خان سے کی، انہوں نے بعد میں کی جانے والی اپنی دونوں شادیوں کو کچھ عرصے تک خفیہ بھی رکھا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی تینوں بیویاں ایک ساتھ نہیں رہتیں، تاہم تینوں کے آپس میں اچھے تعلقات ہیں۔