سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کے حکم امتناع میں توسیع

جمعہ 8 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف جاری حکمِ امتناع میں 12 ستمبر تک توسیع کردی ہے۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے مونس علوی کی جانب سے صوبائی محتسب کی سزا کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی، سماعت کے دوران صوبائی محتسب اور متاثرہ خاتون فریق کی جانب سے تحریری جوابات عدالت میں پیش کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ہراسانی کے جرم میں برطرفی، سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کا بیان بھی سامنے آگیا

صوبائی محتسب نے مؤقف اختیار کیا کہ مونس علوی کی درخواست ناقابلِ سماعت ہے اور اسے مسترد کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دائرہ اختیار سے متعلق معاملہ سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، لہٰذا سندھ ہائیکورٹ کو یہ کیس سننے کا اختیار حاصل نہیں۔

مونس علوی کے وکیل عابد زبیری نے عدالت کو آگاہ کیاکہ ان کے مؤکل نے گورنر سندھ کے سامنے اپیل دائر کر رکھی ہے، جسے پیر کے روز سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔

جسٹس محمد اقبال نے ریمارکس دیے کہ جب تک اپیل پر فیصلہ نہیں آتا، عہدے سے برطرفی کیسے ممکن ہے؟ اگر اپیل زیرِ سماعت ہے تو وہیں پیروی کریں، یہ اتنی بڑی سزا ہے، اس طرح کیسے دی جا سکتی ہے؟

درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ اس کیس میں بہت سی باتیں پہلی بار دیکھنے کو مل رہی ہیں، جس پر جسٹس محمد اقبال نے ریمارکس دیے کہ آپ پہلی بار دیکھ رہے ہوں گے، 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد تو اور بھی بہت کچھ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نوکری سے برطرف، وجہ کیا بنی؟

عدالت نے مونس علوی کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ جواب الجواب تحریری طور پر جمع کروائیں۔ ساتھ ہی سی ای او کے الیکٹرک کو عہدے سے ہٹانے کے حکم امتناع میں 12 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp