سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق، 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے علاقہ سمبزہ، ضلع ژوب میں ایک بڑی تعداد میں موجود خوارج کے گروہ کی نقل و حرکت کو بروقت ٹریس کیا، جو سرحد پار سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
مزید پڑھیں: بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد پراکسیز کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ناگزیر، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر
فوجی جوانوں نے مہارت، دلیری اور بروقت کارروائی کے ذریعے دشمن کی دراندازی کی کوشش کو مکمل طور پر ناکام بنایا، جس کے نتیجے میں 33 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج واصل جہنم ہوئے۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشتگرد کو بھی انجام تک پہنچایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع اور بھارتی سرپرستی میں جاری دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم اور پوری طرح تیار ہیں۔
فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاکستان افغانستان سرحد کے قریب بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد تنظیم فتنۃ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستان کی انسداد دہشتگردی حکمت عملی عالمی سطح پر موثر قرار دی گئی ہے، وزیر اعظم
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا اور 33 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور عزم کی واضح مثال ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم ہر قیمت پر ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی ناپاک کوششیں کر رہی ہیں لیکن ہماری بہادر افواج ان کوششوں کو ہر بار ناکام بناتی رہی ہیں اور آئندہ بھی بناتی رہیں گی۔ وزیراعظم نے شہدا کو خراجِ عقیدت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا ضلع ژوب میں خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر پاک فوج کو خراجِ تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاکستان افغانستان سرحد پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
مزید پڑھیں: مستونگ دہشتگرد حملہ: میجر اور 2 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 4 دہشتگرد ہلاک
صدرِ مملکت نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع میں پاک فوج کی جرأت، مہارت اور بروقت کارروائی قابلِ فخر ہے۔ قوم کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
صدرِ مملکت نے واضح کیا کہ پاکستانی سرزمین پر دراندازی کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور ریاست بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا ہر صورت قلع قمع کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
صدرِ مملکت نے شہداء اور وطن کے دفاع پر مامور تمام جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔