امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر ٹیلیورائیڈ میں ایک سیاہ ریچھ نے اپنی ذہانت سے سب کو حیران کردیا۔ محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے جاری کی گئی سیکورٹی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ریچھ رات کے وقت ایک گھر کے باہر ٹہلتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
حیرت انگیز منظر اس وقت سامنے آیا جب ریچھ 2 پاؤں پر کھڑا ہوا، دروازے کا ہینڈل گھمایا اور نہایت آسانی سے گھر کے اندر داخل ہو گیا، جیسے یہ روز کا معمول ہو۔
مزید پڑھیں: ریچھ کو کھانا کھلانے کی کوشش، موٹرسائیکل سوار کی جان لے گئی
حکام کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جنگلی جانور انسانی بستیوں میں خوراک کی تلاش میں کتنی مہارت سے داخل ہو سکتے ہیں۔
محکمہ جنگلی حیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے گھروں کے دروازے، کھڑکیاں اور کوڑے دان مکمل طور پر بند رکھیں، کیونکہ ریچھ جیسے جانور یاد رکھ سکتے ہیں کہ خوراک کہاں سے ملی تھی اور دوبارہ واپس آ سکتے ہیں۔
یہ واقعہ نہ صرف حیران کن ہے بلکہ ایک سنجیدہ یاددہانی بھی کہ جنگلی حیات اور انسانی آبادکاری کے درمیان فاصلہ رکھنا کیوں ضروری ہے۔