تھر کے خشک و ریتلے صحرا میں جہاں کبھی سبزہ اُگنا ناممکن سمجھا جاتا تھا، وہیں اسلام کوٹ کے تھرکول بلاک ٹو پر قائم انصاری گرین پارک ایک نیا اور حیات بخش منظر پیش کررہا ہے۔
یہ پارک زیرِ زمین نمکیاتی پانی سے سیراب ہوتا ہے، اور جدید ڈرِپ ایریگیشن نظام کے ذریعے یہاں اب تک 11 لاکھ سے زیادہ پودے لگائے جا چکے ہیں۔
ان پودوں میں نیم، کیکر، لیموں سمیت مختلف پھلدار درخت اور مقامی اقسام شامل ہیں، جو نہ صرف ماحول دوست ہیں بلکہ صحرا کی بےجان فضا میں نئی روح پھونک رہے ہیں۔
پارک کا ایک اور دلکش پہلو یہاں موجود چھوٹا سا زو ہے، جو دیکھنے والوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنتا ہے۔ اس میں مور، ہرن، بطخیں اور دیگر مقامی پرندے قدرتی ماحول کی خوبصورتی کو مزید دوبالا کر دیتے ہیں۔
بچوں کے لیے جھولے، رنگ برنگی کیاریاں اور خوشبو بکھیرتے حسین پھول اس مقام کو گویا ایک نخلستان کا روپ دیتے ہیں۔
حالیہ ہلکی بارش کے بعد پارک کا حسن اور نکھر گیا ہے، سبز و شاداب پتے، بارش سے بھیگے ہوئے درخت اور ٹھنڈی بوندوں کی مہک فضا کو خوشگوار بنا رہی ہے۔
یہ پارک نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کی ایک روشن مثال ہے بلکہ مقامی کمیونٹی کے لیے تفریح، روزگار اور شعور کی نئی راہیں بھی ہموار کررہا ہے۔ مزید بتا رہے ہیں جی آر جونیجو۔