چینی تھنک ٹینک نے پاکستانی طیارے مار گرانے کا بھارتی فضائیہ کے سربراہ کا بے بنیاد دعویٰ مسترد کردیا ہے۔
چینی تھنک ٹینک چارہار انسٹیٹیوٹ کے سینیئر ریسرچ فیلو پروفیسر چِنگ شی ژونگ نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل امر پریت سنگھ کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ مئی کے اوائل میں ’آپریشن سندور‘ کے دوران بھارتی فضائیہ نے پاکستان کے 5 جنگی طیارے اور ایک بڑا جہاز مار گرایا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کی جانب سے بھارتی فضائیہ کو پہنچائے گئے نقصان کی تفصیلات سامنے آگئیں
پروفیسر چِنگ نے کہا کہ بھارتی دعویٰ ٹھوس شواہد سے محروم ہے اور بین الاقوامی برادری نے اسے بڑے پیمانے پر سوالات کی زد میں رکھا ہے۔ بھارتی حکام نے کسی قسم کا ثبوت، جیسے طیاروں کے ملبے کی تصاویر یا ریڈار مانیٹرنگ ڈیٹا، پیش نہیں کیا، جبکہ پاکستان کی جانب سے بھارتی طیارے مار گرائے جانے کے بارے میں پہلے ہی تفصیلی شواہد پیش کیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فضائیہ کے سربراہ کے یہ بیانات مضحکہ خیز، ناقابلِ یقین اور ناقابلِ فہم ہیں، جنہیں ’خود ساختہ تفریح‘ کہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بھارت، پاکستان جھڑپ کو تین ماہ سے زیادہ گزر چکے ہیں اور بھارت آج تک کوئی ثبوت فراہم نہیں کرسکا کہ پاکستانی طیارے مار گرائے گئے ہوں۔ اس کے برعکس پاکستان نے جھڑپ کے فوراً بعد بین الاقوامی میڈیا کو تفصیلی تکنیکی رپورٹ پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں: ’ ہم نے پاکستانی حملوں کو ناکام بنایا‘ انڈین چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا دعویٰ
پروفیسر چِنگ شی ژونگ نے مزید کہا کہ عالمی رہنماؤں، بھارتی سیاستدانوں اور غیر ملکی انٹیلیجنس رپورٹس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بھارت کو متعدد طیاروں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارتی جانب سے کوئی پاکستانی جنگی طیارہ نشانہ نہیں بنایا گیا، جبکہ پاکستان نے 6 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے اور ایس-400 فضائی دفاعی نظام کی پوزیشنیں تباہ کیں، جو ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے۔