ٹوکیو میں ہونے والے ایک باکسنگ ایونٹ کے دوران 2 جاپانی باکسرز سر پر شدید چوٹ لگنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
2 اگست کو 28 سالہ ہیروماسا اوراکاوا یو جی سائٹو کے خلاف آٹھویں راؤنڈ میں ناک آؤٹ ہونے کے بعد بیہوش ہو گئے تھے اور اسپتال منتقل کیے گئے، جہاں ایک ہفتے علاج کے باوجود وہ ہفتے کے روز انتقال کر گئے۔
یہ بھی پڑھیں: آئرش باکسر جان کونی مقابلے کے دوران دماغ میں چوٹ لگنے سے جاں بحق
اس سے ایک روز قبل، 28 سالہ شیگیتوشی کوٹاری بھی اسی تاریخ کو لڑی گئی فائٹ کے بعد سر پر چوٹ لگنے کے نتیجے میں انتقال کر گئے تھے۔
دونوں باکسرز کے دماغ میں خون جمنے کے باعث فوری آپریشن کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن نے دونوں کھلاڑیوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا، جبکہ جاپان باکسنگ کمیشن نے حفاظتی اقدامات کے تحت اورینٹل اینڈ پیسفک باکسنگ فیڈریشن ٹائٹل فائٹس کے راؤنڈز 12 سے کم کرکے 10 کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سلیپ فائٹنگ: چہرے پر تھپڑوں کی بوچھاڑ والا جان لیوا کھیل
جاپانی میڈیا کے مطابق کمیشن نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ستمبر میں خصوصی اجلاس بلا کر مزید اقدامات پر غور کیا جائے گا۔