بڑی آنت کے کینسر کی 5 علامات جنہیں ہرگز نظرانداز نہ کریں، ماہرین کا انتباہ

پیر 11 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں کینسر کے کیسز نوجوانوں میں خطرناک حد تک بڑھ گئے ہیں، ہر سال لاکھوں نوجوان اس موذی مرض میں مبتلا ہونے لگے، ماہرین نے بڑی آنت کے کینسر کی 5 علامات بتائی ہیں جنہیں نظرانداز نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

امریکا میں بڑی آنت کا کینسر سب سے عام پائے جانے والے تیسرے نمبر کا کینسر ہے، ہر سال تقریباً 1 لاکھ 50 ہزار افراد اس مہلک بیماری میں مبتلا ہوتے ہیں جو بڑی آنت یا ریکٹم میں خلیوں کی غیر معمولی افزائش کے باعث پیدا ہوتی ہے، ماضی میں اس مرض کو زیادہ عمر کے افراد سے جوڑا جاتا تھا، تاہم حالیہ برسوں میں نوجوانوں میں اس کی تشخیص کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیوی کی آخری خواہش پوری، شوہر نے کینسر کے مریضوں کے لیے وِگ بینک قائم کردیا

ماہرین کے مطابق بڑی آنت کے کینسر کی ابتدائی علامات کو جاننا اس کے بروقت پتا لگانے کا بہترین طریقہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاخانے کی عادات میں نمایاں تبدیلی، مستقل قبض یا اسہال، پاخانے کا پتلا ہونا، اچانک اور غیر متوقع حاجت، یا آنتوں کے مکمل خالی نہ ہونے کا احساس خطرے کی نشانی ہو سکتی ہے۔

 اس کے علاوہ پاخانے میں خون آنا، خاص طور پر روشن سرخ دھاریاں نظر آنا، فوری طبی معائنے کا تقاضا کرتا ہے، اگرچہ یہ ہر بار کینسر کی علامت نہیں ہوتا اور بواسیر سمیت دیگر وجوہات بھی ہوسکتی ہیں۔ پیٹ میں مسلسل بھرا پن یا پھولا ہوا محسوس ہونا، شدید یا مسلسل مروڑ اور پیٹ درد بھی کینسر کی ممکنہ علامات میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مصنوعی مٹھاس کینسر کے علاج میں رکاوٹ بن سکتی ہے، تحقیق

 ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بغیر کسی وجہ کے وزن میں تیزی سے کمی کو بھی نظرانداز نہ کیا جائے، کیونکہ بڑی آنت میں رکاوٹ غذائی اجزا کے جذب ہونے کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے جبکہ رسولیاں جسم کی توانائی استعمال کر کے کیلوریز کی کمی کا باعث بنتی ہیں۔

ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسی علامات ظاہر ہونے پر فوری معالج سے رجوع کریں تاکہ بیماری کو ابتدائی مرحلے میں قابو کیا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp