معروف لوک اور صوفی گلوکارہ صنم ماروی نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ عمرے کی ادائیگی یا کربلا معلیٰ کی زیارت کے لیے جاتی ہیں تو انہیں گلوکاری کے پیشے کی بنیاد پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
صنم ماروی حال ہی میں سما ٹی وی کے مارننگ شو صبح کا سما میں مہمان بنیں، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر، ذاتی زندگی اور تنقید کے پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ موسیقی سے وابستگی کے باعث سوشل میڈیا پر انہیں بارہا ٹرول کیا جاتا ہے، خاص طور پر جب وہ مذہبی عبادات انجام دیتی ہیں۔
صنم ماروی کا کہنا تھا کہ سب سے برا مجھے اس وقت لگتا ہے جب میں عمرہ کرنے یا زیارات پر جاؤں تو لوگ تبصرے کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اچھا اب آپ بھی عمرہ کریں گی اور پھر جب واپس آ کر اپنا گلوکاری کا کام کرو تو کہتے ہیں آپ تو ابھی زیارات یا عمرہ کر کے آئی ہیں تو یہ کام ہیں کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ ٹرول کرتے ہیں کہ سارا سال گانے گاتی ہیں اور اب یہ حاجن بننے کے لیے چلی گئی ہے یا زیارات کے لیے چلی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا ہم لوگ انسان نہیں ہیں۔ ہمارا دل نہیں کرتا کہ ہم زیارات یا عمرہ کے لیے جائیں۔ گلوکاری تو ہمارا کام ہے وہ ہم نے کرنا ہے۔














