سعودی عرب کی نیشنل شپنگ کمپنی ’بحری‘ نے بعض میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ کمپنی اسرائیل کے لیے سامان کی ترسیل کر رہی ہے۔
کمپنی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ یہ دعوے مکمل طور پر جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیل فلسطینی ریاست کے قیام سے انکاری، نئے منصوبے کی منظوری دے دی
’بحری‘ نے کہا کہ وہ فلسطینی مسئلے پر سعودی عرب کے مستقل مؤقف اور سمندری نقل و حمل سے متعلق تمام مقامی و بین الاقوامی قوانین و ضوابط کی مکمل پاسداری کرتی ہے۔
کمپنی نے زور دے کر کہا کہ اس نے کبھی بھی کسی بھی شکل میں اسرائیل کو سامان یا مال برداری نہیں کی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ کمپنی کے تمام آپریشنز سخت نگرانی اور کڑی جانچ پڑتال کے تحت انجام پاتے ہیں تاکہ قوانین کی مکمل تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
کمپنی نے خبردار کیا کہ اس کی شہرت یا پالیسیوں کو نقصان پہنچانے کی نیت سے لگائے گئے الزامات کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
’بحری‘ نے میڈیا اداروں پر زور دیا کہ وہ معلومات نشر کرنے سے قبل درستگی کی تصدیق کریں اور صرف مستند ذرائع پر انحصار کریں۔













