لزبن میں یوم آزادی اور فتح معرکہ حق کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ سفیر ڈاکٹر محمد خالد اعجاز نے پرتگال کی نیشنل ری پبلک گارڈ (GNR) کے رنگارنگ لباس میں ملبوس بینڈ کی دھنوں پر قومی پرچم لہرایا۔ بینڈ نے پرتگال کا قومی ترانہ بھی پیش کیا۔
اس معزز اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، سفیر ڈاکٹر اعجاز نے اس دن کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور ان تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پاکستان کے حصول کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

مزید پڑھیں: جشن معرکہ حق کے موقع پر 75 روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری
سفیر نے پاکستانی مسلح افواج کی بھی تعریف کی جنہوں نے مئی 2025 میں پاکستان کے مشرقی پڑوسی کی جانب سے ہونے والی کھلی جارحیت کے دوران غیر معمولی ہمت اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مسئلہ جموں و کشمیر کے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل کے لیے پاکستان کی حمایت کا اظہار کیا۔
سفیر نے عالمی برادری اور سول سوسائٹی سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ پاکستان کے پڑوسی کی جانب سے سندھ طاس معاہدے (IWT) کی یکطرفہ معطلی کے خلاف آواز اٹھائیں، جو پاکستان کے 240 ملین عوام کی زراعت اور معیشت کے لیے خطرہ ہے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا سیلاب: ایف نائن پارک میں معرکہ حق اور جشن آزادی کے حوالے سے پروگرام ملتوی
تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر عوامی جمہوریہ چین کے سفیر محترم ژاؤ بینٹنگ، اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر محترم سید ماجد تفرشی خامنہ اور بنگلہ دیش کے سفیر محترم محفوظ الحق بھی شریک ہوئے۔ پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

بچوں اور دو نوجوان لڑکیوں نے کئی ملی نغمے پیش کیے جنہیں سامعین نے بے حد سراہا۔ سفیر ڈاکٹر محمد خالد اعجاز نے ہیڈ آف چانسری ملک عمیر خان کے ساتھ مل کر کیک کاٹنے کی رسم بھی ادا کی۔ مہمانوں کو روایتی پاکستانی کھانے اور نمکین سے تواضع کی گئی۔













