خیبرپختونخوا میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق دل دہلانے والی ویڈیوز

پیر 18 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ مون سون بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے شدید تباہی مچائی ہے، جس کے باعث متعدد قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز پانی کا بہاؤ گھروں، دکانوں اور سڑکوں کو بہا لے جا رہا ہے جبکہ کئی مقامات پر لوگ اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر رہے ہیں۔ کچھ ویڈیوز میں ریسکیو ٹیموں کی جانب سے امدادی کارروائیاں بھی دکھائی گئی ہیں، جن میں کشتیوں اور رسیوں کے ذریعے پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا رہا ہے۔

سیلاب کی تباہیوں کے بعد لوگ دکانوں کی ویڈیوز بھی شیئر کر رہے ہیں جس میں خوفناک تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ ایک صارف نے سیلاب کے بعد سوات کی چائنا مارکیٹ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ مارکیٹ ایسا منظر پیش کر رہی ہے جیسے ہر دکان، ہر گلی، ہر لمحہ تباہی اور خوف کی داستان سناتا ہو اور یہ بہت دل دہلا دینے والا ہے۔

خالد خان سپاری نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ سوات میں سیلابی ریلا گارمنٹس مارکیٹ بازار سے گزرا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے کاروبار تباہ ہوچکے ہیں۔ سارا مال پانی میں بہہ چکا ہے اور دکانیں تباہ ہوچکی ہیں۔

ہرمیت سنگھ نے لکھا کہ ضلع بونیر کے علاقے پیر بابا کے مرکزی بازار میں تباہی کے مناظر دل دہلا دینے والے ہیں۔ سیلابی ریلوں اور ملبے نے دکانوں، سڑکوں اور بجلی کے کھمبوں کو زمین بوس کر دیا۔ کئی دکانداروں کا سارا سامان پانی اور کیچڑ میں بہہ گیا، جبکہ ملبے کے ڈھیر کے درمیان مقامی لوگ اپنے ہاتھوں سے سامان نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ سوات کے عوام ایک لمبے عرصے سے مصیبتوں کا شکار ہیں اب یہ ایک اور افتاد آن پڑی۔ خیبرپختونخوا حکومت کو لوگوں کے کاروبار کے نقصان کی تلافی دینی چاہیے ان کی مکمل بحالی تک چین نہی لینا چاہیے۔

محمد حیات نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک دراز سے پیسے اور سونے کی انگوٹھیاں نکلیں جنہیں سیلاب اپنے ساتھ بہا لایا تھا انہوں نے لکھا کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے مالی و جانی نقصان پر دل انتہائی دکھی ہے۔ اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے اور اپنے غیبی خزانوں سے ان کے نقصان کی تلافی فرمائے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے، اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp