ایشیا کپ 2025 ٹورنامنٹ نہ صرف کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک زبردست ایونٹ بننے جا رہا ہے بلکہ اشتہاری دنیا کے لیے بھی ایک سنہری موقع ہے اور خصوصاً پاک بھارت میچ نے اشتہاری نرخوں کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 3 ملکی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم کی سیلیکشن پر سابق کھلاڑیوں کی کیا رائے ہے؟
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں 9 ستمبر سے شروع ہوگا جس کا فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان میچ سے ہوگا جبکہ سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا مقابلہ روایتی حریف بھارت اور پاکستان کے درمیان 14 ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔
بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ نہ صرف کھیل کے میدان میں جوش و خروش پیدا کرتا ہے بلکہ اشتہاری دنیا میں بھی ایک بڑی تجارتی سرگرمی بن چکا ہے۔ اسی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے، اس سال ایشیا کپ کے دوران اشتہارات کی قیمتیں ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہیں۔
ٹی وی پر اشتہارات کی قیمتیں
ایشیائی کرکٹ کونسل کے اس ٹورنامنٹ کے ٹی وی نشریاتی حقوق سونی ٹی وی نے حاصل کیے ہیں۔ بھارت کے میچز کے دوران ٹی وی پر 10 سیکنڈ کے اشتہار کے لیے نرخ 14 سے 16 لاکھ روپے تک مقرر کیے گئے ہیں۔
ٹی وی اشتہارات کے لیے کو پریزنٹنگ اسپانسرشپ کی قیمت 18 کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔
ایسوسی ایٹ اسپانسرشپ کے لیے 13 کروڑ روپے کا ریٹ مقرر ہے۔
تمام میچز (بھارت اور غیر بھارت) کے لیے اسپاٹ بائنگ پیکیج کی لاگت تقریباً 4.48 کروڑ روپے ہے جو 10 سیکنڈ کے اشتہارات کے مطابق طے کی گئی ہے۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر تشہیر
ڈیجیٹل اسٹریمنگ کے حقوق سونی لِو نے حاصل کیے ہیں جہاں بھی اشتہارات کے نرخ کافی بلند رکھے گئے ہیں۔ کو پریزنٹنگ پارٹنر اور ہائی لائٹس پارٹنر کے لیے ہر ایک کا خرچ 30 کروڑ روپے ہوگا۔
کو پاورڈ بائے پیکیج کے لیے 18 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیے: سہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے پاکستان کا 17 رکنی اسکواڈ فائنل
ڈیجیٹل اشتہارات کا 30 فیصد حصہ صرف بھارت کے میچز کے لیے مخصوص رکھا گیا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت کے میچز — بالخصوص بھارت بمقابلہ پاکستان — سب سے زیادہ دیکھے جانے والے مقابلے ہوں گے۔
فارمیٹ کے لحاظ سے اشتہاری نرخ
اشتہارات کی قیمتوں میں میچ کی نوعیت اور فارمیٹ کے اعتبار سے فرق رکھا گیا ہے۔ پری رول اشتہارات (میچ شروع ہونے سے پہلے) کی قیمت عام میچز کے لیے 275 روپے فی 10 سیکنڈ ہے جو بھارت کے میچز کے لیے 500 روپے، اور پاک بھارت مقابلے کے لیے 750 روپے فی 10 سیکنڈ تک بڑھ جاتی ہے۔
مِڈ رول اشتہارات (میچ کے دوران) کی قیمت عام طور پر 225 روپے فی 10 سیکنڈ ہے، جو بھارت کے میچز کے لیے 400 روپے اور پاک بھارت میچ کے لیے 600 روپے تک پہنچتی ہے۔
کنیکٹڈ ٹی وی (اسمارٹ ٹی وی) اشتہارات کے نرخ عام میچز میں 450 روپے فی 10 سیکنڈ ہیں، جبکہ بھارت کے میچز میں 800 روپے اور پاکستان اور بھارت میچ میں یہ قیمت 1،200 روپے فی 10 سیکنڈ تک جا پہنچتی ہے۔
پاک بھارت میچ: اشتہاری جنگ کا مرکز
رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ ایک عالمی سطح کا تجارتی موقع بن چکا ہے۔ لاکھوں ناظرین ٹی وی اسکرین یا موبائل پر ان میچز کو دیکھتے ہیں اور اسی وجہ سے اشتہاری کمپنیاں اس موقع کو ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔
حالانکہ کچھ حلقوں کی طرف سے پاک بھارت سرحدی کشیدگی کے باعث ایشیا کپ منسوخ کرنے کی باتیں بھی سامنے آئیں لیکن ٹورنامنٹ نہ صرف منعقد کیا گیا بلکہ دونوں ٹیموں کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا، جس سے ان کے ٹکراؤ کو یقینی بنایا گیا۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ 2025 کے وینیوز کا اعلان، دبئی اور ابوظہبی میں میدان سجے گا
ایشیا کپ 2025 نہ صرف کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک زبردست ایونٹ بننے جا رہا ہے بلکہ اشتہاری دنیا کے لیے بھی ایک سنہری موقع ہے۔ خصوصاً پاک بھارت میچ نے اشتہاری نرخوں کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔