بارشوں اور سیلاب کا خدشہ: خیبرپختونخوا میں سرکاری و غیر سرکاری اسکول بند کرنے کا اعلان

پیر 18 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے بالائی اضلاع میں اسکولوں کی ایک ہفتہ کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق خراب موسم کے باعث بالائی اضلاع کے تمام اسکول 25 اگست تک بند رہیں گے۔

دوسری طرف صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی۔

یہ بھی پڑھیے: این ڈی ایم اے نے سیلاب سے تباہ کاریوں اور اموات کے اعدادوشمار جاری کردیے

پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں اور حادثات میں اب تک341  افراد جاں بحق اور178  زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں292  مرد، 28 خواتین اور 21 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں144 مرد، 24 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 420 مکانات متاثر ہوئے جن میں سے 281 جزوی طور پر اور 139 مکمل طور پر منہدم ہوئے۔

سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر ہے جہاں اب تک 222 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ اسی طرح ضلع صوابی میں گزشتہ روز ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے۔ دیگر متاثرہ اضلاع میں سوات، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر اور بٹگرام شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 17 سے 19 اگست کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے جبکہ موجودہ بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp