کراچی میں موسلا دھار بارش کے باعث جہاں سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں اور شہری گھنٹوں سے ٹریفک میں پھنسے رہے، وہیں دوسری جانب انسانیت کی خوبصورت مثالیں بھی سامنے آئیں۔
یہ بھی پڑھیں:بارش نے کراچی کو مفلوج کردیا، ہلاکتیں 11 تک پہنچ گئیں، آج عام تعطیل
جہاں ایک طرف سندھ حکومت خصوصاً بلدیۂ عظمیٰ کراچی شہریوں کو مشکلات سے نکالنے میں ناکام نظر آئی، وہیں عام شہریوں نے ایک دوسرے کا سہارا بن کر خدمت اور انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔
بارش کے دوران شہر کے مختلف کیفیز، ریسٹورنٹس اور حتیٰ کہ گھروں کے دروازے بھی عوام کے لیے کھول دیے گئے۔ کولاچی اوشین کیفے نے اوشین مال کی پانچویں منزل پر پھنسے ہوئے شہریوں کو بلا معاوضہ پناہ دینے اور چائے، کافی پیش کرنے کا اعلان کیا تاکہ لوگ سکون سے بیٹھ کر موسم تھم جانے کا انتظار کر سکیں۔
اسی طرح کئی شہریوں نے اپنی رہائش گاہیں اور دفاتر بارش میں پھنسے اجنبیوں کے لیے کھول دیے۔ کسی نے بجلی کی سہولت دی، کسی نے کھانے پینے کی، تو کہیں سونے کی جگہ بھی فراہم کی گئی۔ مختلف ریسٹورنٹس اور کیفیز جیسے ہیبٹ، کافی وغیرہ اور ضمیر انصاری نے بھی شہریوں کو بارش کے عذاب میں تھوڑا سکون دینے کے لیے شیلٹر اور دیگر سہولیات فراہم کیں۔
یہ بھی پڑھیں:’18 سالہ کارکردگی کا پول ایک بار پھر کھل گیا‘، بارش کے بعد کراچی ڈوبنے پر پیپلز پارٹی پر شدید تنقید
یہ سب مناظر اس بات کا ثبوت ہیں کہ مشکل کی گھڑی میں کراچی کے لوگ ایک دوسرے کے لیے ڈھال بن جاتے ہیں۔ بارش نے اگرچہ شہر کو مفلوج کر دیا، مگر انسانیت اور بھائی چارے کے یہ مناظر کراچی کو ایک دوسرے رنگ میں جگمگاتے دکھاتے رہے۔