ہنزہ کے علاقے گوجال، مسگر کے پہاڑ سے ایک زخمی شہری کو مقامی افراد نے ناقابلِ یقین جدوجہد کے بعد ریسکیو کرلیا۔
پولیس کے مطابق لاہور کا رہائشی محمد افضل گزشتہ 15 روز سے نیم بے ہوشی کی حالت میں تھا اور سخت پہاڑی حالات میں صرف پانی پی کر اور گھاس کھا کر زندہ رہا۔
یہ بھی پڑھیں:ہنزہ میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، فصلیں تباہ، رہائشی مکان متاثر
پولیس نے بتایا کہ مسگر گاؤں کے 4 افراد نے محمد افضل کی جان بچائی۔ گاؤں کے رہائشیوں کو پہلے قریبی ندی سے افضل کا بیگ ملا، جس کے بعد انہوں نے 2 روز تک اس کی تلاش کی اور بالآخر اسے نیم مردہ حالت میں پہاڑوں سے ڈھونڈ نکالا۔
مقامی رضاکاروں نے افضل کو 2 دن تک اپنی پیٹھ پر اٹھا کر کٹھن سفر کیا اور پہاڑوں میں راتیں گزاریں۔

بعدازاں اسے قلندرچی کے قلعے تک پہنچا کر اسٹریچر کے ذریعے مسگر اور پھر سوست منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق افضل کو حراست میں لے کر علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔
ایس پی ہنزہ نبیل احمد کے مطابق 12 روز قبل افضل کے چھ ساتھی غیر قانونی طور پر چین میں داخل ہوئے تھے، جو اس وقت چینی حکام کی تحویل میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ہنزہ میں سلک روٹ فیسٹیول، روایتی کھانوں اور دستکاریوں کے اسٹالز توجہ کا مرکز
افضل وہاں سے دوبارہ پاکستانی حدود میں بھاگنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
ایس پی ہنزہ نے مزید بتایا کہ چینی حکام کی تحویل میں موجود 6 پاکستانیوں کو آج یا کل ایف آئی اے حکام کے حوالے کیا جائے گا، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔














