مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف آج کل کیا کر رہے ہیں؟

جمعرات 21 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف حال ہی میں سیاسی سرگرمیوں میں فعال ہیں اور زیادہ تر پس منظر میں رہ کر پارٹی کی حکمت عملی اور حکومتی امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔

کچھ روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے پارٹی صدر میاں نواز شریف سے ملاقات کی، جس دوران شہباز شریف نے انہیں خیبر پختونخوا میں سیلابی صورتحال، ریسکیو و ریلیف اقدامات، اور متاثرین کی بحالی کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

نواز شریف نے ہدایت کی کہ متاثرین کی ہر ممکن امداد کی جائے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ ضمنی انتخابات پر بھی مشاورت ہوئی، جس میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم اور انتخابی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:’نواز شریف کینسر اسپتال جنات بنا رہے ہیں‘، مریم نواز نے یہ بات کیوں کہی؟

نواز شریف نے جنوری 2025 میں اعلان کیا تھا کہ وہ دوبارہ سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گے، جس کے تحت وہ ماڈل ٹاؤن سیکریٹریٹ میں لیگی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرتے رہے۔

ان ملاقاتوں میں حکومتی کارکردگی اور پارٹی کی تنظیم سازی پر توجہ کے حوالے سے گفتگو ہوتی رہی۔

11 اگست 2025 کو نواز شریف نے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریک ہوئے۔

اس اجلاس میں ضمنی انتخابات، پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم، اور انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا میں تباہ کن بارشوں سے جانی و مالی نقصان پر نواز شریف کا اظہارِ افسوس

مسلم لیگ ن کے ذرائع نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ مسلم لیگ ن کے صدر پیچھے بیٹھ کر پنجاب اور وفاق کے معاملات دیکھ رہے ہیں۔ میاں نواز شریف نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک پنجاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حکومت ہے، وہ پیچھے بیٹھ کر حکومتی معاملات دیکھیں گے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز بھی نواز شریف سے پوچھے بغیر کوئی کام نہیں کرتی، اور شہباز شریف بھی سیاسی معاملات میں ان سے مشاورت کرتے رہتے ہیں۔ خصوصاً جب جنگ کا معاملہ تھا تو شہباز شریف نے جو بھی کام کیے وہ میاں نواز شریف کی رضا مندی سے کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:مری، نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر تکمیل کے آخری مراحل میں، ٹی بی اسپتال کا نام تبدیل‘

وی نیوز نے مسلم لیگ ن کے رہنما سے سوال کیا کہ نواز شریف میڈیا سے کیوں دور ہیں، تو ان کا جواب تھا کہ اگر نواز شریف یہ سارے کام خود سامنے آکر کریں گے تو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اہمیت میں کمی آئے گی۔

اس طرح شہباز شریف کی بھی اہمیت کم ہو جاتی۔ اس لیے نواز شریف چاہتے ہیں کہ وہ میڈیا سے دور رہ کر پنجاب اور وفاق کے معاملات دیکھیں۔

پنجاب میں جتنے بڑے منصوبے اور تبدیلیاں ہوتی ہیں، اس میں نواز شریف کی مشاورت شامل ہوتی ہے۔

لیگی رہنما نے بتایا کہ اس وقت نواز شریف مری میں ہیں۔ مری میں بھی وہ پارٹی کے لوگوں سے ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں۔

لاہور اور جاتی عمرہ میں بھی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میاں نواز شریف اس سال جنوری سے کافی فعال ہیں۔

مارچ 2025 میں نواز شریف نے بلوچستان کے بگڑتے حالات کے حوالے سے کردار ادا کرنے کی حامی بھری تھی۔

 9 اپریل 2025 کو نیشنل پارٹی کے وفد، جس کی قیادت ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کر رہے تھے، نے نواز شریف سے لاہور میں ملاقات کی اور ان سے بلوچستان کے بحران کو حل کرنے کے لیے وفاقی حکومت پر اثر و رسوخ استعمال کرنے کی درخواست کی۔ نواز شریف نے علاقائی سیاسی اسٹیک ہولڈرز سے رابطے کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن ان کا بلوچستان نہ جانے کا فیصلہ ابھی مؤخر نہیں ہوا، وہ جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے۔

مسلم لیگی رہنما نے بتایا کہ پارٹی کی تنظیم سازی پر توجہ دی جا رہی ہے۔

میاں نواز شریف پارٹی کی ازسرنو تنظیم سازی کے لیے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اور چاروں صوبوں کے دوروں کا شیڈول تیار کر رہے ہیں، جس کی ذمہ داری رانا ثناء اللہ کو سونپی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مری، نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر تکمیل کے آخری مراحل میں، ٹی بی اسپتال کا نام تبدیل‘

بلدیاتی الیکشن بھی اگلے سال متوقع ہیں، اس حوالے سے نواز شریف پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے بات چیت کرتے رہتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp