فیلڈ مارشل سیّد عاصم منیر کے برسلز میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کے دوران اس تقریب کے ایک اور میزبان چیئرمین بزنس فورم یورپ سردار ظہور سامنے آگئے ہیں، اور سہیل وڑائچ کے دعوؤں کو من گھڑت قرار دیا ہے۔
تقریب کے میزبان سردار ظہور نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ سہیل وڑائچ کے کالم کو بنیاد بنا کر من گھڑت باتیں پھیلائی جارہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سہیل وڑائچ فیلڈ مارشل کی تعریفیں کرتے رہے، کالم میں لکھی باتیں درست نہیں،آرگنائزر تقریب شہزادہ عثمان
انہوں نے کہاکہ سہیل وڑائچ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے 2 گھنٹے کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی، ایسا کہنا سراسر ناانصافی اور زیادتی ہے، آرمی چیف کسی بھی صحافی سے علیحدہ میں نہیں ملے۔
برسلز میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے میزبان سردار ظہور اقبال کی صحافی سہیل وڑائچ کے کالم کی ترید و وضاحت۔ pic.twitter.com/wCOYlZobgC
— Hassan Ayub Khan (@HassanAyub82) August 21, 2025
سردار ظہور نے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 2 گھنٹے کی تقریر میں ایسی کوئی بات نہیں کی جس کو بنیاد بنا کر کالم لکھا جا سکے، اور نہ ہی کھانے کی میز پر کوئی ایسا مکالمہ ہوا۔
انہوں نے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قرآنی آیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اپنے ملک کو آگے لے کر جارہے ہیں، لیکن شیطانی کردار اپنا کھیل کھیل رہے ہیں، یہاں انڈیا کی بات ہورہی تھی۔
انہوں نے کہاکہ سہیل وڑائچ نے اپنے کالم میں جو کچھ بھی لکھا وہ جھوٹ ہے، کھانے کے بعد فیلڈ مارشل نے سب سے مصافحہ کیا اور تصاویر بنوائیں، اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ ملاقات کا مقصد اپنے لوگوں کو اعتماد میں لینا تھا۔
سرکاری تردید کے بعد برسلز میں فیلڈ مارشل کے میزبان سردار ظہور اقبال کے اس بیان کا کیا کرنا ہے؟ pic.twitter.com/XSJCnCUodi
— Maryam Nawaz Khan (@maryamnawazkhan) August 21, 2025
واضح رہے کہ کچھ روز قبل نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سردار ظہور نے کہا تھا کہ جن باتوں کا ذکر سہیل وڑائچ نے کیا ہے یہ سارے سوال و جواب وہاں بیٹھ کر ہوئے۔
اس سے قبل تقریب کے ایک اور آرگنائزر شہزادہ عثمان نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل وڑائچ کے کالم کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہاکہ سینیئر صحافی وہاں صرف فیلڈ مارشل کی تعریفیں کرتے رہے، جو کچھ انہوں نے کالم میں لکھا یہ سب جھوٹ ہے، کوئی انٹرویو نہیں ہوا۔
کوئی اہم اور سیاسی گفتگو نہیں ہوئی میں نے جو سنا وہ یہ کہ سہیل وڑائچ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مخاطب کرکے کہہ رہے تھے کہ سر کیا بات ہے آپ نے کمال خطاب کیا آپ نے تو کمال کردیا، آرگنائزر تقریب شہزادہ عثمان pic.twitter.com/t2PFMhW4ps
— Ammar Masood (@ammarmasood3) August 21, 2025
واضح رہے کہ سینیئر صحافی سہیل وڑائچ برسلز میں ہونے والی تقریب میں شریک ہوئے تھے، جس کے بعد انہوں نے ایک کالم لکھا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا ان کی فیلڈ مارشل سے طویل ملاقات ہوئی جس میں جنرل عاصم منیر نے عمران خان کے حوالے سے کہاکہ سیاسی مصالحت سچے دل سے معافی مانگنے سے ممکن ہے۔
جمعرات کے روز ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ آرمی چیف نے برسلز میں کسی سیاسی موضوع پر گفتگو نہیں کی اور نہ ہی کسی معافی کا ذکر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سہیل وڑائچ کا کالم من گھڑت ہے، آرمی چیف نے برسلز میں کوئی سیاسی بات نہیں کی: ڈی جی آئی ایس پی آر
اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ برسلز کی تقریب میں سیکڑوں افراد موجود تھے، جہاں صرف تصاویر بنوائی گئیں۔ آرمی چیف نے نہ تو پی ٹی آئی اور نہ ہی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق کوئی بات کی، اور کسی صحافی کو انٹرویو بھی نہیں دیا۔
سینیئر صحافی سہیل وڑائچ کے دعوے کے بعد جہاں ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایسے دعوؤں کی تردید کی ہے، وہیں پروگرام کے آرگنائزرز بھی اس سے انکار کررہے ہیں۔ لیکن جوں جوں نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں کہانی مزید دلچسپ ہوتی جارہی ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کون سچ اور کون جھوٹ بول رہا ہے۔














