فاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت سمیت 4 جنگیں رکوا کر انسانیت کی خدمت کی۔
یہ بھی پڑھیں:’ٹرمپ کو نوبیل انعام کے لیے نامزد کرنے پر آمادہ ہوں مگر‘ ۔۔۔ ؟ ہیلری کلنٹن کا حیران کن بیان
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔ اس دوران پاک امریکا تعلقات، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ امید ہے صدر ٹرمپ کی روس یوکرین اور غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں بھی کامیاب ہوں گی۔
اس موقع پر قائم مقام امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام 2026 کے لیے نامزد کرنے کی باقاعدہ سفارش کردی ہے، اور اس سلسلے میں خط ناروے کی نوبیل کمیٹی کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خط نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے دستخط سے بھیجا گیا، جس میں صدر ٹرمپ کے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں کردار اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ’میں کچھ بھی کرلوں مجھے نوبیل انعام نہیں ملے گا‘، ٹرمپ اس قدر مایوس کیوں؟
حکومت پاکستان نے صدر ٹرمپ کی فیصلہ کن سفارتی مداخلت کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں امن کے فروغ کے اعتراف میں نوبیل انعام کے لیے موزوں قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ذرائع سے یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ اسلام آباد نے 2026 کے امن انعام کے لیے امریکی صدر کی نامزدگی پر غور مکمل کرلیا ہے، جس کے بعد اب یہ سفارشی خط باقاعدہ طور پر کمیٹی کو بھیجا گیا ہے۔