واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نیا فیچر آزمانا شروع کردیا ہے جس کے تحت اگر کسی کی کال کا جواب نہ ملے تو کال کرنے والا فوراً وائس پیغام چھوڑ سکے گا۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین کے پاس 2 اختیارات ہوں گے، یا تو دوبارہ کال کرنے کی کوشش کریں یا پھر براہِ راست وائس پیغام ریکارڈ کریں۔ یہ پیغام اس چیٹ میں ظاہر ہوگا جہاں کال مس ہوئی تھی، تاکہ صارف فوری طور پر فالو اَپ کرسکے۔
یہ بھی پڑھیں: خبردار! محض ایک واٹس ایپ کال کیسے آپ کی بینک تفصیلات کو لیک کرسکتی ہے؟
بیٹا ورژن میں شامل اس فیچر کے مطابق جیسے ہی وائس پیغام ریکارڈ کیا جائے گا، وہ خودکار طور پر چیٹ میں بھیج دیا جائے گا اور جسے کال کی گئی تھی وہ اپنی سہولت کے مطابق سن سکے گا۔ ساتھ ہی مس کال کا نوٹیفکیشن بھی برقرار رہے گا تاکہ صارف کو یہ علم رہے کہ کال بھی مس ہوئی اور وائس پیغام بھی موصول ہوا ہے۔
یہ نیا فیچر واٹس ایپ کی اُن بڑی اپ ڈیٹس کا حصہ ہے جو حالیہ عرصے میں متعارف کرائی جارہی ہیں۔ دوسری جانب آئی فون استعمال کرنے والے بیٹا صارفین کے لیے بھی ایک نیا آپشن دیا گیا ہے جس سے وہ بیک وقت کئی پیغامات منتخب کرکے انہیں کاپی کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کے 8 نئے کارآمد فیچرز بیٹا ٹیسٹرز کے لیے دستیاب، خصوصیات کیا ہیں؟
ذرائع کے مطابق کمپنی مزید فیچرز پر بھی کام کر رہی ہے، جن میں ایک نیا ’تحریری معاون‘ (Writing Help Assistant) شامل ہے جو صارفین کو لکھنے میں مدد اور تجاویز فراہم کرے گا، جبکہ حرکت کرتی تصاویر بھیجنے کے فیچر پر بھی تجربات جاری ہیں تاکہ مواد شیئر کرنے کے انداز کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔