بشارالاسد کے اقتدار کا خاتمہ: شام کی نئی حکومت نے کرنسی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا

ہفتہ 23 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شام کی نئی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملکی کرنسی سے 2 صفر ہٹا کر نئے نوٹ متعارف کرائے جائیں گے۔ یہ فیصلہ صدر بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے اور طویل عرصے بعد اختتام پذیر ہونے والے 14 سالہ تنازع کے بعد سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شام میں ابتک کی اہم گرفتاری، بشارالاسد کا بھروسہ مند کزن اور فوجی افسر پکڑا گیا

بین الاقوامی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق خانہ جنگی اور معاشی بحران کے باعث شامی پاؤنڈ کی قدر میں تاریخی کمی واقع ہوئی، جس کے باعث حکومت نے عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے کرنسی میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔

شام کے مرکزی بینک کے سربراہ عبدالقادر حسریہ نے سعودی نشریاتی ادارے العربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے اس اقدام کی تصدیق کی۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا وقت کی ضرورت ہے، اس مقصد کے لیے سرکاری و نجی اداروں اور مرکزی بینک کے ماہرین پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو کرنسی میں اصلاحات کا جائزہ لے رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ نئے نوٹ کے اجرا کا حتمی وقت مقرر نہیں کیا گیا تاہم اس سلسلے میں عملی اقدامات جاری ہیں۔

یاد رہے کہ 2011 میں خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد سے شامی پاؤنڈ نے اپنی 99 فیصد سے زیادہ قدر کھو دی۔ اس وقت ایک امریکی ڈالر قریباً 10 ہزار شامی پاؤنڈ کے برابر ہے، جب کہ جنگ سے قبل یہی شرح محض 50 پاؤنڈ فی ڈالر تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بشارالاسد کی اقتدار سے محرومی کے بعد اہلیہ نے بھی علیحدگی کا مطالبہ کردیا

ماہرین کے مطابق کرنسی کی شدید گراوٹ نے عام لوگوں کی روزمرہ خریداری اور رقم کی منتقلی کو نہایت مشکل بنا دیا ہے، جس کے باعث نئی کرنسی کے اجرا کو ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp