بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی نئی سیریز The Ba**ds of Bollywood کو بہترین قرار دیتے ہوئے بھرپور تعریف کی ہے۔
سنی دیول نے انسٹاگرام پر اس سیریز کا پری ویو شیئر کرتے ہوئے اسے شاندار کہا جبکہ اپنے بھائی بابی دیول کا ردعمل بھی شیئر کیا جو اس سیریز میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ سنی دیول نے آریان خان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد شاہ رخ خان اپنے بیٹے پر ضرور فخر کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے: فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی پر سنی دیول، امیشا پٹیل اور ماورا حسین بول اٹھے
یہ سیریز آریان خان کی بطور ہدایتکار پہلی تخلیق ہے جس کا طویل انتظار کیا جا رہا تھا۔ حال ہی میں اس کا پہلا پری ویو ویڈیو جاری کیا گیا جس نے شائقین کی توقعات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
آریان کی ہدایتکاری میں مرکزی کردار لکشیا (آسمان سنگھ کے روپ میں) ایکشن سے بھرپور مناظر میں جلوہ گر ہیں۔ کہانی میں وہ ‘بھارت کے سب سے بڑے سپر اسٹار’ کی بیٹی (بابی دیول کے کردار کی بیٹی) سے محبت کرتے ہیں، جس کے بعد شہرت، عشق اور جدوجہد سے بھری ایک پرجوش کہانی سامنے آتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: عامر خان کی فلم ’لاہور 1947‘ میں مرکزی کردار سنی دیول کو مل گیا
سیریز میں راغو جویال اور مونا سنگھ بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں جبکہ کرن جوہر، رنویر سنگھ اور سلمان خان خصوصی کیمیوز میں نظر آئیں گے۔
پری ویو کی رونمائی بدھ کے روز ممبئی میں ایک خصوصی تقریب کے دوران ہوئی، جس میں شاہ رخ خان، آریان خان اور گوری خان بھی شریک تھے۔
آریان خان کی تحریر و ہدایتکاری میں بنی یہ سیریز ریڈ چِلّیز انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے تیار کی گئی ہے اور یہ 18 ستمبر 2025 سے نیٹ فلیکس پر ریلیز ہوگی۔