پاکستان نے بنگلادیشی طلبہ کے لیے ’پاکستان بنگلادیش نالج کوریڈور‘ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کی چیف ایڈوائزر بنگلہ دیش پروفیسر یونس سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس منصوبے کے تحت آئندہ پانچ برسوں میں بنگلادیش کے طلبہ کو مجموعی طور پر 500 اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ ان اسکالرشپس میں سے 25 فیصد طب کے شعبے کے طلبہ کے لیے مختص ہوں گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان طبی تعاون اور تعلیمی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
مزید برآں پاکستان اگلے 5 سالوں کے دوران بنگلہ دیش کے 100 سول سرونٹس کو بھی مختلف تربیتی پروگرامز میں شامل کرے گا۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ پی ٹی اے پی (Pakistan Technical Assistance Programme) کے تحت اسکالرشپس کی تعداد پہلے پانچ تھی، جو بڑھا کر اب 25 کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے 6 معاہدوں پر دستخط
واضح رہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس وقت بنگلہ دیش کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر یونس سمیت سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں، اور دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔