ای سی سی اجلاس: سیلاب زدگان کے لیے 3 ارب روپے کا ریلیف پیکج منظور

منگل 26 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گلگت بلتستان کے سیلاب زدگان کے لیے 3 ارب روپے کے ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزرا اویس لغاری، علی پرویز ملک اور رانا تنویر نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: ای سی سی نے گرین ٹیکسانومی، سستے گھروں کی اسکیم اور صنعتی اصلاحات کی منظوری دے دی

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو خیمے، ادویات، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف مل سکے۔

ای سی سی نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی) کے لیے 11 ارب روپے کی ضمنی تکنیکی گرانٹ کی بھی منظوری دی۔

کمیٹی نے ابتدائی طور پر 3 ارب 81 کروڑ 30 لاکھ روپے کی قسط جاری کرنے کی منظوری دی، جبکہ باقی رقم سہ ماہی بنیادوں پر تنخواہوں، پنشنز اور آپریشنل اخراجات کی ادائیگی کے لیے فراہم کی جائے گی۔

اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے کیپٹیو پاور صارفین پر لگنے والی ٹرانسمیشن لیوی میں ریلیف کی سمری پر بھی غور ہوا۔ ای سی سی نے ڈویژن کی مجوزہ طریقہ کار کی منظوری دی جس کے تحت کیپٹیو پاور کنزیومرز سے وصول شدہ لیوی کا فائدہ گرڈ صارفین کو منتقل کیا جائے گا۔

اجلاس میں مچیکے، تھلیاں، تاروجبہ وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کے ٹیرف تعین کے جائزے سے متعلق پٹرولیم ڈویژن کی سمری کا بھی جائزہ لیا گیا۔ یہ منصوبہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بین الحکومتی بنیاد پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ای سی سی اجلاس: سردیوں کے لیے بجلی کا خصوصی پیکج، این ڈی ایم اے کے لیے گرانٹ کی منظوری

کمیٹی نے ڈویژن کی تجویز کردہ شرائط و ضوابط کی منظوری دی تاکہ اس اسٹریٹجک منصوبے کا آغاز ممکن ہو سکے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی، تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp