ہالی ووڈ اداکار بروس ولِس کی بیوی، ایما ہیمنگ ولِس نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے شوہر کا دماغ اب ان کا ساتھ نہیں دے رہا اور ان کی زبان ختم ہوتی جا رہی ہے، یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا ہے جب ولِس کو فرنٹو ٹیمپورل ڈیمینشیا یعنی زوال عقل کی تشخیص ہوئے 2 سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہالی ووڈ فلم ’سپرمین‘ کا ٹریلر انٹرنیٹ پر اتنا زیادہ کیوں دیکھا جارہا ہے؟
اے بی سی کے ایک خصوصی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ایما ہیمنگ نے کہا کہ بروس ولس اب بھی کافی متحرک ہیں اور مجموعی طور پر اچھی صحت میں ہیں۔ ’مسئلہ صرف یہ ہے کہ ان کا دماغ ساتھ نہیں دے رہا، ان کی زبان ختم ہو رہی ہے، ہم نے ان کے ساتھ بات چیت کا ایک نیا طریقہ سیکھ لیا ہے، جو بس ایک مختلف انداز ہے۔‘
It’s brutally gut wrenching to hear this decline of Bruce Willis.
Emma: “Accept it, the disease always wins.” “The patient has no awareness of their own disease.”
Sad and twisted.#Theunexpectedjourney #BruceWillis pic.twitter.com/K6Ya9yK0Jc
— AC (@ACinPhilly) August 27, 2025
یاد رہے کہ 2022 میں بروس ولِس کے خاندان نے اعلان کیا تھا کہ ’ڈائی ہارڈ‘ اور ’سِکستھ سینس‘ میں اپنی یادگار اداکاری کے جوہر دکھانے والے اسٹار اداکاری سے ریٹائر ہو رہے ہیں کیونکہ انہیں افیزیا یعنی لسانی عارضہ لاحق ہوگیا تھا، جو زبان اور بولنے میں دشواری پیدا کرتا ہے۔
ایما ہیمنگ نے بتایا کہ شروع میں بروس کے رویے میں نمایاں تبدیلی آئی۔ ’جو شخص ہمیشہ باتونی اور پرجوش تھا، وہ اچانک خاموش سا ہو گیا، جب فیملی اکٹھی ہوتی تو وہ بس پگھلنے لگتے، وہ پہلے بہت گرمجوش اور پیار کرنے والے تھے، لیکن پھر ان کا رویہ بالکل الٹ ہو گیا، جو بہت ڈراؤنا اور تشویشناک تھا۔‘

افیزیا کی تشخیص کے ایک سال بعد بروس ولِس کو فرنٹو ٹیمپورل ڈیمینشیا کی تشخیص ہوئی، اس وقت خاندان نے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ اگرچہ یہ تکلیف دہ ہے لیکن واضح تشخیص بھی کسی حد تک اطمینان کا باعث ہے۔
مزید پڑھیں: ریڈ سی فلم فیسٹیول: ’ویمن ان سنیما‘ کی تقریب میں پریانکا چوپڑا سمیت دیگر کی شرکت
ایما ہیمنگ نے بتایا کہ جب انہوں نے یہ تشخیص پہلی بار سنی، تو وہ بالکل گھبرا گئی تھیں۔ ’مجھے صرف خبر سنائی دی اور اس کے بعد کچھ سنائی ہی نہیں دیا۔ ایسا لگ رہا تھا جیسے میں خلا میں گر رہی ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ آج بھی بعض اوقات بروس کی اصل شخصیت کی جھلک نظر آتی ہے۔ ’ہمیں وہ دن اب بھی ملتے ہیں… نہیں بلکہ لمحے۔ اس کی ہنسی، جو بہت بھرپور اور گہری ہے۔ کبھی آنکھوں میں وہ چمک آ جاتی ہے، وہی پرانی روشنی۔ لیکن جتنا جلدی یہ لمحے آتے ہیں، اتنی ہی تیزی سے غائب بھی ہو جاتے ہیں۔‘
بروس ولِس نے، جو اب 70 برس کے ہیں، ایما ہیمنگ سے 2009 میں شادی کی تھی اور ان کی 2 بیٹیاں ہیں، ایما ہیمنگ کی کتاب رواں سال 9 ستمبر کو شائع ہو گی، جس میں وہ بروس ولِس کی دیکھ بھال سے متعلق اپنے تجربات بیان کریں گی۔