مادھوری ڈکشت ایک عرصہ تک گووندا کے ساتھ کام کرنے سے کیوں انکاری رہیں؟

بدھ 27 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی وُوڈ کے سینئر فلمساز، ہدایتکار اور سابق سی بی ایف سی چیف پہلاج نہلانی نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ مادھوری ڈکشت نے اپنے کیریئر کے ابتدائی ایام میں ایک فلم کرنے سے انکار کیا کیونکہ اُس میں ہیرو کے طور پر نوآموز اداکار گووندا کو کاسٹ کیا گیا تھا۔

منیجر رِکّو راکیش ناتھ کا کردار

نہلانی نے پنک ولا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ مادھوری کا ذاتی نہیں تھا بلکہ انہوں نے انکار اُس وقت ان کے طویل مدتی منیجر رِکّو راکیش ناتھ کے دباؤ کی وجہ سے کیا تھا۔ نہلانی نے یہاں تک الزام لگایا کہ رِکّو نے کئی پروڈیوسرز کے ساتھ مل کر گووندا کے کیریئر کو نقصان پہنچانے کی سازش کی۔

یہ بھی پڑھیے مادھوری ڈکشٹ کی فلمی یادگاریں کب اور کتنے میں فروخت ہوئیں؟

’میں نے گووندا کو رِکّو کے ذریعے جانا اور اُسی کو مادھوری کا مینیجر بھی بنایا۔ میں نے مادھوری اور گووندا کو ایک ساتھ سائن کیا تھا۔ بعد میں رِکّو اور 8–10 پروڈیوسرز نے گووندا کے خلاف ایک گروپ بنا لیا۔ اسکرپٹ میں صفحات تو بڑھائے گئے لیکن وہ فلمیں کبھی بنی ہی نہیں۔‘

’الزام‘ اور نیلم کی انٹری

نہلانی نے فلم کا نام براہِ راست نہیں لیا لیکن اشارہ دیا کہ وہ فلم ’الزام‘ (1986) تھی، جو گووندا کے کیریئر کی اہم شروعات ثابت ہوئی۔ مادھوری نے اس پروجیکٹ کو ٹھکرا دیا اور یوں نہلانی نے نیلم کوٹھاری کو کاسٹ کیا۔ یہ فیصلہ کامیاب رہا اور فلم باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی، اور نیلم راتوں رات مقبول ہو گئیں۔

گووندا اور نیلم

نیلم کی کامیابیاں اور مادھوری کی جدوجہد

پہلاج نہلانی نے مزید بتایا:

’میں نے مادھوری کو ایک اور فلم آگ ہی آگ کی پیشکش کی، لیکن پھر انکار کر دیا گیا۔ چنانچہ میں نے نیلم کو کاسٹ کیا۔ اسی طرح پاپ کی دنیا بھی نیلم کے ساتھ بنائی۔ اُس وقت نیلم کی فلمیں کامیاب ہو رہی تھیں، لیکن مادھوری کی فلمیں یا تو بند ہو رہی تھیں یا فلاپ ہو رہی تھیں۔‘

یہ بھی پڑھیے فلم میں ’ٹفی‘ کا کردار ادا کرنیوالے کُتے کو کس نے گود لیا

انہوں نے کہا کہ:

’میں ناراض ہو گیا کہ مادھوری میری ہر فلم میں کام کرنے سے انکار کر رہی ہیں اور رِکّو بہانے بنا رہا ہے۔ پھر میں نے انٹرویو میں کھل کر یہ بات کہہ دی۔ اُس وقت میری تینوں فلمیں گولڈن جوبلی منانے میں کامیاب رہیں۔‘

’تیزاب‘ سے قسمت کا پلٹ جانا

بعد میں، حالات بدلے جب رِکّو نے نہلانی سے درخواست کی کہ وہ کم از کم مادھوری کی کسی فلم کا مہورت (افتتاحی تقریب) کر دیں، چاہے فلم خود نہ بنائیں۔ اس زمانے میں انڈسٹری میں ویڈیو پائریسی کے سبب مہورت بند ہو گئے تھے۔ نہلانی نے 3 فلموں کا مہورت کیا، جن میں ایک فلم ’تیزاب‘ (1988) تھی۔

یہ بھی پڑھیے مادھوری ڈکشٹ: جو دل چرانے کا ہنر جانتی تھیں

یہی وہ فلم تھی جس نے مادھوری دیکشت کو بالی وُوڈ کی سپر اسٹار بنا دیا۔ فلم کا گانا ’ایک دو تین‘ اُن کے کیریئر کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔

بعد میں ساتھ کام

دلچسپ بات یہ ہے کہ بالآخر مادھوری اور گووندا نے بھی کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، جن میں ’مہا سنگرام‘، ’عزتدار‘ اور ’پاپ کا انت‘ شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp