کمشنر لاہور آصف بلال لودھی نے کہا ہے کہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر اس وقت پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 3 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، انہوں نے راوی میں سیلاب کی صورتحال فی الحال خطرے سے باہر بتائی ہے۔
کمشنر لاہور کے مطابق دریائے راوی کے بیڈ میں موجود افراد کو مکمل طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ قریبی آبادیوں سے انخلا کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راوی، چناب اور ستلج میں تباہ کن سیلاب، 22 افراد جاں بحق، لاکھوں متاثر، کئی بستیاں غرقاب
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف بلال لودھی نے بتایا کہ تاحال صورتحال قابو میں ہے، تاہم آج صبح شاہدرہ سے پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 60 ہزار کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دریائے راوی کی گنجائش ڈھائی لاکھ کیوسک ہے، اس لیے فی الحال کوئی بڑا خطرہ نہیں لیکن ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکمے ہائی الرٹ ہیں۔
آصف بلال لودھی نے بتایا کہ راوی کے اطراف کی آبادیوں سے 500 سے زائد خاندانوں کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔