رواں ماہ 20 اگست کو نامعلوم افراد نے بوستان سے ایک ٹرک چھین لیا تھا جو خوردنی اشیا سے بھرا ہوا تھا۔ لیویز ذرائع کے مطابق، ٹرک سے آٹا اور دیگر خوراکی سامان اتار کر اسے خالی کیا گیا اور ٹرک کو کوئٹہ کے نواحی علاقے بلیلی کسٹم پر کھڑا کرکے نامعلوم افراد فرار ہو گئے۔
بوستان لیویز فورس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا اور ایس ایچ او کی ہدایت پر مخبر خاص کی اطلاع پر کچلاک کے ایک گودام پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران تقریباً 460 پارسل آٹا اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
مزید پڑھیں: لیویز فورس کا پولیس میں انضمام: بلوچستان ہائیکورٹ کا سخت نوٹس، اعلیٰ حکام کو توہین عدالت کے نوٹس جاری
لیویز فورس نے بتایا کہ جلد دیگر مسروقہ مال کی برآمدگی اور ملزمان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ ایس ایچ او بوستان تھانہ بشیر آغا نے اس کامیاب کارروائی کی تصدیق کی۔