رات کے وقت ہمارا نظام انہضام کمزور ہوتا ہےاور ایسے میں ضرورت سے زیادہ کھانا وزن بڑھنے کی ایک بڑی وجہ ہے۔
اگر آپ صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں اور اپنا وزن نہیں بڑھانا چاہتےتو اپنے معدے کی صلاحیت کے مطابق کھائیں اور رات کو زیادہ کھانے سے پرہیز کریں۔
کھانا کھانے میں وقت کی بے ترتیبی اور صحت بخش کھانوں کا استعمال نہ کرنا عام ہو گیا ہے۔ اگر آپ صحت مند زندگی چاہتے ہیں تو کھانے کو مقررہ اوقات پر کھائیں اور صحت بخش غذاؤں کے استعمال کو یقینی بنائیں۔
اگرآپ کا شمار بھی ان افراد میں ہوتا ہے جو رات کو کھانا وقت پر نہیں کھاتے اور زیادہ کھاتے ہیں تو ہم آپ کے لیے چند ایسی عادتیں لے کرآئے جن کو اپنانے سے آپ رات کو زیادہ کھانے سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
1۔دن کے اوقات میں بار بار کھائیں
دن بھر مختلف وقفوں کے بعد تھوڑا تھوڑاصحت بخش کھانا کھانے سے آپ کا پیٹ بھرا رہے گا اور آپ کو بھوک کم محسوس ہو گی۔اس طرح رات کے وقت آپ کو بھوک کم محسوس ہو گی اور آپ کھانا کم کھائیں گے۔
2۔ناشتہ کبھی نہ چھوڑیں
اگر آپ صبح کا ناشتہ چھوڑ دیتے ہیں تو آپ کو دن بھر بھوک محسوس ہو گی اور دن کے اختتام تک آپ تھکاوٹ کا شکار ہو جائیں گے۔
غذائیت سے بھرپور اور وقت پر کیا گیا ناشتہ آپ کو دن بھر توانا رکھتا ہے اور رات کو معمول کے مطابق کھانے میں آپ کی مدد کرتا ہے۔
3-ناشتے اور دوپہر کے کھانے میں پروٹین والی غذاؤں کا استعمال
پروٹین سے بھرپور غذائیں آپ کو بھوک کم لگنے کا احساس دلاتی ہیں،آپ کے جسم کی تھکاوٹ دور ہوتی ہےاور رات کے وقت بھوک پر قابو پانے میں توانائی ملتی ہے۔
4۔کھانے کو اچھی طرح چبا کر کھائیں
کھانا آہستہ آہستہ اور چبا کر کھانا ہمیں زیادہ کھانے سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔
تیزی سے کھانے کے دوران ہمیں اس بات کا احساس ہی نہیں ہوتا کہ ہمارا پیٹ بھر گیا ہے اور ہم اپنی استطاعت سے زیادہ کھا لیتے ہیں۔
5۔زیادہ پانی پیئیں
دن میں پانی کا زیادہ استعمال آپ کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔رات کے وقت کھانا کھانے سے کچھ دیر پہلے ایک یا دو گلاس پانی پینے سےآپ زیادہ کھانے سے بچ سکتے ہیں۔
کھانے کے دوران پانی کا استعمال ہرگز نہ کریں کیونکہ یہ ہاضمے میں خلل ڈال سکتا ہے۔