
شارجہ میں ہونے والی سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 31 رنز سے شکست دے دی ہے۔
اس سے قبل پاکستان نے 10 وکٹوں کے نقصان پر20 اوورز میں 208 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں یو اے ای 8 وکٹوں کے نقصان پر 20 اوورز میں 176 رنز بناسکی۔
متحدہ عرب امارات کے اوپنر بلے باز محمد ذوہیب کو حسن نواز نے 5ویں اوور میں 13 رنز پر آؤٹ کردیا جبکہ محمد وسیم 33 رنز بناکر حسن نواز کے بال پر رن آؤٹ ہوگئے۔
یو اے ای کی طرف سے ایتھان ڈی ساوزا 3 رنز بناکر کیچ حسن نواز کے بال پر جبکہ عالیشان شرفو صائم ایوب کے بال پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے علاوہ راہول چوپڑا نے 11، دھرو پراشار 15، ساغر خان 11 اور حیدر علی نے ایک رن بنایا۔
یہ بھی پڑھیے: سہ ملکی سیریز میں فاتحانہ آغاز: پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دیدی
پاکستان کی بیٹنگ
اس سے قبل پاکستان کی طرف سے میچ کے آغاز پر بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنر بلے باز صاحبزادہ فرحان پہلے اوور میں ہی 8 رنز بناکر جنید صدیقی کے بال پر آؤٹ ہوگئے جبکہ فخر زمان 6 رنز بناکر حیدر علی کے بال پر پویلین لوٹ گئے۔
میچ کے 7ویں اوور میں ٹیم کے کپتان سلمان آغا محض 5 رنز بناکر ساغر خان کے بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
صائم ایوب نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 بالز پر 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ساغر خان کے بال پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد حسن نواز نے 26 بالز پہ 56 رنز کی متاثرکن اننگز کھیلی اور حیدر علی کے بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے تو دوسری طرف محمد نواز (25 رنز)، محمد حارث (1 رن)، حسن علی (9 رنز)، فہیم اشرف (16 رنز) اور سلمان مرزا (3 رنز) بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ کے آغاز میں یو اے ای کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے اس میچ کے لیے اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، حارث رؤف اور شاہین آفریدی کو آرام دیا گیا ہے جبکہ سلمان مرزا اور حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز افتتاحی میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دے دی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے افغانستان کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم افغان ٹیم 19 اعشاریہ 5 اوورز میں 143 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔














