یمن میں اسرائیلی حملوں کے دوران حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ نے اپنے وزیراعظم کی شہادت کی تصدیق کردی۔
یمنی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کے روز دارالحکومت صنعا پر اسرائیل کی جانب سے متعدد فضائی حملے کیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: یمن نے اسرائیل کے بن گوریون ایئرپورٹ پر ہائپر سونک میزائل داغ دیا
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ حملوں میں انصار اللہ کے کئی رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حوثیوں کی وزارت دفاع نے اس دعوے کی تردید کی اور کہا کہ اسرائیلی حملوں میں ان کی قیادت کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ وہ غزہ میں نسل کشی اور فلسطینی عوام کو فاقہ کشی سے مارنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی۔
یمنی میڈیا نے مزید رپورٹ کیا کہ اسرائیلی حملوں میں انصار اللہ کے وزیراعظم احمد غالب الرہوی سمیت متعدد وزرا شہید ہوئے ہیں اور انصار اللہ نے بھی اس کی تصدیق کردی ہے۔
رپورٹس کے مطابق حملوں کے وقت حکومتی کابینہ کا اجلاس جاری تھا، جس میں متعدد اہم وزرا موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: خطے میں اسرائیلی جارحیت کا دائرہ وسیع، اسرائیلی طیاروں کا یمن کے دارالحکومت پر بھی حملہ
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے تازہ حملوں میں حوثیوں کے اہداف اور انصار اللہ کے متعدد رہنماؤں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس سے قبل بھی اسرائیلی فضائیہ نے چار روز قبل یمن میں حملے کیے تھے، جن کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 90 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔