وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار معاشی استحکام اور اصلاحاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پرعزم ہے جبکہ چین کے سرمایہ کاروں کے ساتھ قریبی شراکت داری دونوں ممالک کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
بیجنگ میں چین کی معروف مالیاتی کمپنی ہونگتا سیکیورٹیز کے چیئرمین جِنگ فینگ سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی مالیاتی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں کے بڑھتے اعتماد کو خوش آئند سمجھتا ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ مالیاتی تعاون اور کیپٹل مارکیٹس میں شراکت داری بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
وزیر خزانہ نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی معیشت کے بارے میں مثبت اشارے دیے ہیں۔ موڈیز نے پاکستان کی درجہ بندی ‘سی اے اے 2’ سے بڑھا کر ‘سی اے اے 1’ (مستحکم آؤٹ لک) کر دی ہے جبکہ فچ نے ’ٹرپل سی پلس‘ سے ’بی مائنس‘ اور اسٹینڈرڈ اینڈ پُورز نے بھی درجہ بندی ’ٹرپل سی پلس‘ سے بڑھا کر ’بی مائنس‘ (مستحکم آؤٹ لک) کر دی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت مالیاتی آپشنز کو متنوع بنانے اور چینی و عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین مل کر ایسے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں جو دونوں ملکوں کی معیشت کو مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ مالیاتی تعاون کو بھی نئی جہت فراہم کریں گے۔