ایپل نے اپنے نئے آئی فون 17 سیریز کی لانچ تاریخ 9 ستمبر طے کر دی ہے اور جیسے جیسے دن قریب آرہا ہے ویسے ویسے لیکس اور قیاس آرائیاں بھی تیز ہو گئی ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق آئی فون 17 کے کئی ماڈلز اب ای سم (eSIM) اونلی ہونے والے ہیں، یعنی ان میں فزیکل سم کارڈ کے لیے کوئی سلاٹ موجود نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: فولڈ ایبل آئی فون 17 ایئر کب لانچ ہوگا، خصوصیات کیا ہیں؟
یورپی یونین میں ایپل کے آتھرائزڈ ری سیلرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ای سم والے فونز کے لیے تیار رہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پہلے صرف آئی فون 14 کے امریکی ماڈلز میں یہ فیچر دیا گیا تھا لیکن اب امکان ہے کہ اسے دیگر خطوں تک بھی پھیلا دیا جائے۔ قیاس یہ بھی کیا جارہا ہے کہ نیا آئی فون 17 ایئر ماڈل نہ صرف پتلا ہوگا بلکہ مکمل طور پر ای سم پر مبنی ہوگا۔
ای سم کے فوائد میں زیادہ سیکیورٹی اور آسانی شامل ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ قدم غیر متوقع نہیں سمجھا جارہا۔ گوگل بھی اپنے پکسل 10 سیریز میں امریکی مارکیٹ کے لیے ای سم اونلی فیچر متعارف کروا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی فون 17 کن رنگوں کی بہار لارہا ہے، کونسا کلر پہلی بار شامل ہوگا؟
اس کے علاوہ لیکس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایپل اپنی نئی سیریز کے ساتھ آئی فون 17 پرو کلئیر کیس ود میگ سیف بھی لانچ کرے گا۔ اس کیس میں پچھلی جانب زیادہ تر حصہ کور ہوگا جس سے میگ سیف کنیکٹرز چھپ جائیں گے۔ کیمرہ ماڈیول کے لیے بڑا کٹ آؤٹ دیا گیا ہے جبکہ ایپل کا لوگو نیچے سرک کر عین وسط میں نظر آئے گا۔
مزید یہ بھی کہا جارہا ہے کہ یہ کیس ایک نئے ایکسیسری یعنی کراس باڈی اسٹرَیپ کو سپورٹ کرے گا، جس کی مدد سے صارفین اپنے آئی فون کو مقناطیسی لین یارڈ کے ذریعے اپنے ساتھ آسانی سے لٹکا سکیں گے۔