وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پشاور، ایبٹ آباد، مہمند، مینگورہ اور دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ اس دوران لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز افغانستان کے جنوب مشرقی علاقے میں تھا۔ ادارے نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 22 کلومیٹر تھی۔
یاد رہے کہ یکم ستمبر کی شب آنے والے زلزلے نے افغانستان کو شدید متاثر کیا تھا، جہاں اب تک 1400 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے۔ اسی دوران پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی جھٹکے ریکارڈ کیے گئے تھے۔