سندھ کے صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو خط لکھا ہے، جس میں پی ٹی وی کے اینکر رضوان رحمان کی جانب سے سندھ کے عوام کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:یوٹیوبر رضی دادا کو پی ٹی وی نے تاحکم ثانی معطل کردیا، وجہ کیا بنی؟
خط میں کہا گیا کہ اینکر رضوان رحمان نے حالیہ سیلابی صورتحال پر حقائق بیان کرنے کے بجائے لسانی سوچ کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے لکھا کہ قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلی جیسے حساس موضوعات پر دنیا بھر کی حکومتیں مل کر کام کر رہی ہیں، لیکن اس معاملے کو بنیاد بنا کر سندھ اور سندھ کے عوام کو نشانہ بنایا گیا۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے مزید کہا کہ اینکر کی اس قسم کی گفتگو نہ صرف سندھ بلکہ قومی یکجہتی کے خلاف بھی سازش کے مترادف ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ متعلقہ اینکر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ایسی مثال قائم کی جائے جس سے کوئی بھی شخص مستقبل میں کسی صوبے، عوام یا ثقافت کے بارے میں اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ ریمارکس دینے کی جرات نہ کرے۔