فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کامیابیاں بے مثال، توسیع کے لیے ان سے بہتر کون ہوگا، رانا ثنااللہ

بدھ 3 ستمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر 2027 تک آرمی چیف رہیں گے۔ انہوں نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں توسیع کے لیے ان سے بہتر اور کون ہو سکتا ہے۔

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ موجودہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی جبکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر 2027 تک اپنے منصب پر فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ آرمی چیف کی مدت میں توسیع کوئی نئی بات نہیں، قانون میں ترمیم ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نئے صوبوں کا قیام، این ایف سی ایوارڈ فارمولے میں تبدیلی، رانا ثنااللہ کھل کر بول پڑے

انہوں نے کہاکہ نئے صوبوں کی بات ہم نے صرف میڈیا پر ہی سنی ہے، حکومت کے پاس اس حوالے سے کوئی تجویز یا منصوبہ زیر غور نہیں۔

عمران خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم اس وقت جس عمل پر لگے ہوئے ہیں وہ کسی صورت ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہیں تو جیل میں بیٹھے رہیں، لیکن اگر سیاست کرنا چاہتے ہیں تو ہمارے پاس بات چیت کی پیشکش اب بھی موجود ہے۔

رانا ثنااللہ نے واضح کیاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ استحکامِ پاکستان کی بات کی ہے۔ تاہم انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا عمران خان ملک کو سول وار کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں؟ اگر وہ ایسا چاہتے ہیں تو کیا یہ ہونے دیا جائے گا؟

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے مشاورت کے ساتھ تمام فیصلے کیے جاتے ہیں۔ وہ کسی سے ناراض نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: واشنگٹن پوسٹ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ کو پاک امریکا تعلقات میں نئی جہت قرار دیدیا

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا تھا کہ تسلسل کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ 5 یا 10 برس کا فیصلہ آئین و قانون کے مطابق ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp