پاکستان اس وقت مون سون کے شدید ترین سیلابی بحران سے گزر رہا ہے۔ دریائے سندھ، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح بلند ترین ریکارڈز کے قریب پہنچ چکی ہے۔
لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی تباہ ہوچکی ہے اور متاثرین کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے۔
5 ستمبر صبح 6 بجے ڈیمز لیول اور دریاؤں کے اہم مقامات پر پانی کے بہاؤ اور سیلابی سطح کی موجودہ صورتحال۔ pic.twitter.com/eojVMhF9aX
— FFDLahore (@ffdlhr) September 5, 2025
حکومت، فوج اور ریسکیو ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض اور خوراک کی قلت کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
پنجاب میں لاکھوں ایکڑ زیرِ آب، بیماریوں کا خدشہ
پنجاب میں اب تک 10 لاکھ ایکڑ سے زائد زرعی زمین زیرِ آب آچکی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ علاقوں میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے، جس کے باعث طبی ٹیموں کو ایمرجنسی پر تعینات کیا گیا ہے۔
دریائے سندھ میں خطرناک سطح، بیراجوں پر دباؤ
سندھ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 5 ستمبر کو گڈو بیراج پر پانی کی آمد 342,153 کیوسک اور اخراج 310,408 کیوسک رہا۔ سکھر بیراج پر آمد 331,230 کیوسک ریکارڈ ہوئی۔
جبکہ کوٹری بیراج پر بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی ہے۔ نشیبی علاقے ڈوبنے لگے ہیں۔
راوی اور ستلج میں دباؤ، ہزاروں دیہات متاثر
ہیڈ بلوکی پر دریائے راوی میں 138,760 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ ستلج میں بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نواب شاہ: آصفہ بھٹو زرداری نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا
پنجاب میں اب تک 3,900 دیہات متاثر ہوئے اور 18 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
گجرات میں تعلیمی ادارے بند
ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی نے اعلان کیا کہ شہری سیلاب کی سنگین صورتحال کے باعث آج 5 ستمبر کو ضلع بھر کے تمام تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا دورہ اور امدادی سرگرمیاں
وزیراعلیٰ مریم نواز نے گزشتہ روز سیلابی کیمپوں کا دورہ کیا اور متاثرہ بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ہنگامی بنیادوں پر بحالی کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
آصفہ بھٹو کا سندھ میں دورہ اور تیاریوں کا جائزہ
پیپلز پارٹی رہنما آصفہ بھٹو نے نوابشاہ کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ممکنہ بڑے ریلا سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں:این ڈی ایم اے کا سیلابی الرٹ، دریاؤں میں اونچے درجے کے بہاؤ کی نشاندہی، عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت
انہوں نے امدادی کیمپوں اور طبی سہولیات کا معائنہ کیا اور کہا کہ “سیلاب متاثرین کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا اظہار افسوس
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے گزشتہ روز پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ متاثرہ لوگوں کی فوری امداد کے لیے آگے آئیں۔
حکومت کا بڑا فیصلہ: ملتان کو بچانے کے لیے دریائے چناب کا بند توڑنے پر غور
حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگر پانی کی سطح مزید بڑھی تو ملتان شہر کو بچانے کے لیے دریائے چناب کے بند کو توڑنے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دریائے چناب و ستلج میں بلند ترین سیلاب، لاکھوں افراد متاثر، حکومت کا بڑے ریلیف آپریشن کا دعویٰ
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام آخری آپشن کے طور پر استعمال ہوگا۔