ایپل نے منگل کے روز اپنے سالانہ لانچ ایونٹ میں نئی پروڈکٹس متعارف کرائیں جن میں سب سے بڑی پیش رفت نئے آئی فون 17 اور آئی فون ایئر کو قرار دیا جارہا ہے۔
آئی فون ایئر پہلے سے زیادہ پتلا، مضبوط اور ہائی ڈینسٹی بیٹری کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق آئی فون 17 کی قیمت 799 ڈالر سے شروع ہوگی، آئی فون ایئر کی قیمت 999 ڈالر ہوگی، جبکہ آئی فون 17 پرو اور پرو میکس کی قیمتیں بالترتیب 1,099 ڈالر اور 1,199 ڈالر تک بڑھا دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: آئی فون، آئی پیڈ اور میک کو خطرہ؟ ایپل کی وارننگ
ایونٹ کے دوران سی ای او ٹِم کُک نے کہا کہ آئی فون ایئر ایپل کی اب تک کی سب سے بڑی پیش رفت ہے۔
آئی فون 17
ایپل نے آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس میں نمایاں تبدیلیاں متعارف کرا دی ہیں۔ سب سے پہلی چیز جو نظر آتی ہے وہ ہے پچھلے حصے میں نیا کیمرہ ڈیزائن، جسے ایپل نے ‘کیمرا پلیٹیو’ کا نام دیا ہے۔ اب چوکور کیمرہ ماڈیول کی جگہ ایک لمبی افقی بار دی گئی ہے۔ اس سے امکان ہے کہ آئی فون اب میز پر رکھنے پر ہلے گا نہیں۔ فون کے پچھلے حصے میں ایلومینیم باڈی اور شیشے کے امتزاج کو واضح کرنے کے لیے نیچے ہلکا سا مختلف رنگی ٹون بھی شامل کیا گیا ہے۔
ان ماڈلز کی سب سے بڑی خصوصیت نیا ٹیلی فوٹو کیمرہ ہے جس میں اب 48 میگا پکسل سینسر دیا گیا ہے، جو الٹرا وائیڈ اور مین کیمرہ کے برابر ہے۔ زیادہ میگا پکسلز کی بدولت تصاویر مزید تفصیل کے ساتھ لی جا سکیں گی۔ اس کے ساتھ ایپل نے ایک نیا 4X آپٹیکل زوم بھی متعارف کرایا ہے۔ اگرچہ یہ پچھلے پرو ماڈلز میں موجود 5X آپٹیکل زوم سے کم ہے، لیکن کمپنی کے مطابق یہ کیمرہ 8X آپٹیکل جیسے زوم کی صلاحیت رکھتا ہے اور ڈیجیٹل زوم کی حد کو بڑھا کر 40X تک کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: آئی فون یوزرز کیلیے 10 زبردست ٹپس جو زندگی کو آسان بنا دیں گی
یاد رہے کہ اس سے پہلے دیگر کمپنیوں نے بھی زیادہ زوم والے فون پیش کیے ہیں، جیسے سام سنگ گیلیکسی S23 الٹرا جس میں 10X آپٹیکل زوم موجود ہے۔ گوگل اور سام سنگ کے موجودہ فلیگ شپ ماڈلز زیادہ سے زیادہ 5X آپٹیکل زوم فراہم کرتے ہیں اور اے آئی فیچرز کی مدد سے 100X ڈیجیٹل زوم تک جا سکتے ہیں۔
آئی فون ایئر
کیپرٹینو — ایپل نے اس سال اپنے نئے آئی فون ایئر (iPhone Air) کو متعارف کرایا ہے، جو محض 5.6 ملی میٹر پتلا ہے، یعنی تقریباً 7 کریڈٹ کارڈز کے برابر موٹائی ہے۔ یہ ماڈل اب تک کا سب سے پتلا آئی فون قرار دیا جا رہا ہے اور اس کی موٹائی پچھلے آئی فون 16 پرو کے مقابلے میں 2.65 ملی میٹر کم ہے۔
ڈیزائن اور وزن
آئی فون ایئر کا وزن عام آئی فون 16 کے مقابلے میں 24 گرام ہلکا ہے۔ یہ فون 6.5 انچ اسکرین کے ساتھ آتا ہے، جس سے ہاتھ میں رکھنے کا مجموعی احساس بدل جاتا ہے۔ اس بار ایپل نے فریم کو زیادہ پائیدار بنانے کے لیے ٹائٹینیم استعمال کیا ہے۔

ایپل نے اعلان کیا کہ یہ نیا فون اے19 پرو پروسیسر اور زیادہ مؤثر بیٹری کے ساتھ آئے گا جبکہ اس میں نیا این1 وائی فائی چپ اور سی1ایکس سیلولر موڈیم بھی شامل ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ یہ ڈیوائس اب تک کا سب سے پائیدار آئی فون ہے۔
کیمرہ سیٹ اپ
اس ماڈل میں کیمرہ بمپ اب افقی رکھا گیا ہے، جیسا کہ گوگل کے کچھ فونز میں دیکھا گیا۔ فون میں صرف ایک کیمرا دیا گیا ہے، جو موجودہ آئی فونز کی طرح 2ایکس آپٹیکل زوم کی سیمولیشن کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: آئی فون 17‘ کی آمد قریب، آئی فون 15 اور 16 کا موازنہ
تاہم سام سنگ کے الٹرا پتلے فون کے برعکس، اس میں الٹرا وائیڈ لینس شامل نہیں، جس کی وجہ سے یہ فوٹوگرافی کے شوقین صارفین کے لیے کم ورسٹائل ثابت ہو سکتا ہے۔
آئی فون ایئر مارکیٹ میں ان نئے فونز جیسے سام سنگ گلیکسی S25 ایج اور آنر میجک V5کے مقابلے میں آیا ہے جو 2025 میں انتہائی پتلے ڈیزائن کے ساتھ لانچ کیے گئے۔
کمپنی نے رواں سال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ ٹیرف کے باوجود اپنے نئے آئی فونز اور دیگر مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی ہیں تاکہ صارفین پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔