بھارت نے دریائے ستلج میں پانی چھوڑ دیا ہے جس کے بعد پنجاب کے علاقوں میں مزید سیلاب متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں موجود بھارتی ہائی کمیشن نے بھارت کی طرف سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے کی اطلاع پاکستانی حکام کو دی ہے۔
اطلاع ملنے پر وزارتِ آبی وسائل نے سیلابی الرٹ جاری کردیا ہے۔ دریائے ستلج میں ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
یہ بھی پڑھیے: دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ، سیلابی خطرہ بڑھ گیا
دوسری طرف ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ اگلے 3 دن ملتان کے لیے انتہائی اہم ہیں، جلال پور پیروالا اب تک سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں دریائے راوی اور ستلج کا پانی جمع ہوچکا ہے، آج بند ٹوٹنے سے علاقہ مزید متاثر ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین کے لیے ریلیف کیمپ بنائے گئے ہیں اور متاثرہ علاقوں سے لوگوں کے انخلا کی کوششیں ہورہی ہیں، لیکن لوگ اپنے گھروں سے نکلنے سے گریزاں ہیں جو ہمارے لیے چیلنج ثابت ہوا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ علاقے میں کافی تعداد میں کشتیاں موجود ہیں، پچھلی رات راولپنڈی اور گجرانوالہ ڈویژن سے وسائل لاکر جلال پور پیروالا کو بچانے کے لیے مختص کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر جلالپور پیروالا میں سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی مکمل
انہوں نے کہا کہ چناب دریا میں پانی چھوڑتے ہوئے انڈیا نے پیشگی اطلاع نہیں دی، صرف ستلج میں پانی چھوڑنے سے قبل بتا دیا گیا تاہم اب انڈیا سے پانی نہیں آرہا۔
پی ڈی ایم اے کے سربراہ نے بتایا کہ لاہور، ناروال، شیخوپورہ، گجرانوالہ اور ننکانہ میں پانی کا بہاؤ کم ہوا ہے اور وہاں ہم بحالی کے کاموں کا آغاز کررہے ہیں، اگلے 3 دن جنوبی پنجاب خاص طور پر ملتان کے لیے اہم ہیں۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور انخلا یقینی بنائیں۔
کراچی کی صورتحال
کراچی میں شدید بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق اب تک 350 سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
سعدی ٹاؤن میں پانی میں پھنسے 10 افراد کو پاک فوج کی مدد سے بحفاظت نکالا گیا۔ اسی طرح نشربستی اور عیسیٰ نگری میں پھنسے 8 افراد کو بھی ریسکیو ٹیموں نے کامیابی سے باہر نکالا۔
یہ بھی پڑھیے: سندھ میں شدید بارشوں کا الرٹ: کراچی، حیدرآباد، سکھر اور ملحقہ علاقوں میں سیلاب کا خطرہ
ترجمان نے بتایا کہ سہراب گوٹھ کے قریب لاسی پاڑہ میں کئی لوگ پانی میں پھنس گئے تھے، جہاں سے 15 بچوں اور 4 خواتین سمیت 20 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
گلشن اقبال کے قریب لیاری ندی میں پھنسے 2 افراد کو بھی زندہ نکال لیا گیا۔ خمیسو جوکھیو گوٹھ، ملیر ندی میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث متعدد افراد پھنس گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی واٹر ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ تمام اقدامات شہریوں کی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مسلسل گشت کر رہی ہیں۔