پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ ایک بڑا امتحان ہوتا ہے اور ٹیم اس کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
دبئی میں پری میچ کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ پاک بھارت ٹاکرا ایک نیا تجربہ ہوگا، میں نے اس سے پہلے دونوں ٹیموں کے مقابلے دیکھے ہیں، بھارتی ٹیم پراعتماد ہے اور ہمیں بھی اس چیلنج کا مکمل ادراک ہے۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ 2025: پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی فروخت سست روی کا شکار
انہوں نے واضح کیا کہ تاحال پلیئنگ الیون کا فیصلہ نہیں ہوا، پچ دیکھنے کے بعد حتمی ٹیم منتخب کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دبئی کی وکٹ شارجہ سے مختلف ہے، کل کے میچ جیسی کنڈیشنز رہیں گی اور توقع ہے کہ اسپنرز کو شارجہ جیسی زیادہ مدد نہیں ملے گی۔
ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس 5 اسپنرز موجود ہیں، ابرار احمد دنیا کے بہترین بولرز میں شمار ہوتے ہیں جبکہ محمد نواز بھی اس وقت عالمی سطح کے ٹاپ اسپنرز میں شامل ہیں۔














