ریاستہائے متحدہ امریکا نے پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امدادی سامان کی کھیپ پاکستان پہنچا دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: متاثرین سیلاب کے لیے امدادی سامان کیساتھ پہلی امریکی پرواز پاکستان پہنچ گئی
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کو خوراک، پناہ گاہ اور زندگی بچانے والی اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔
اس سلسلے میں امریکی فوج نے پاکستانی فوج کو سی 17 اور سی-130 جہازوں کے ذریعے ضروری سامان پہنچایا جو نور خان ایئر بیس پر اتارا گیا۔
سامان کی ترسیل کے موقع پر امریکی مشن پاکستان کی ناظم الامور نیٹلی بیکر بھی موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث جانی نقصان اور گھروں و معاشی ذرائع کی تباہی پر امریکا انتہائی غمزدہ ہے اور مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
نیٹلی بیکر نے مزید بتایا کہ حکومت پاکستان کی درخواست پر امریکی محکمہ خارجہ اور امریکی فوج نے بیرونی معاونت کی منظوری دی ہے تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری قومی امدادی کارروائیوں میں مدد فراہم کی جاسکے۔