آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد اور گردونواح میں تیندوؤں کی آبادی میں اضافہ شہریوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجانے لگا ہے۔
پیر کے روز ایک تیندوے کا بچہ اچانک شہری آبادی میں گھس آیا جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر سے ریسکیو کی گئی زخمی مادہ تیندوا جاں بر نہ ہوسکی
عینی شاہدین کے مطابق تیندوا سب سے پہلے شہر کے پوش علاقے سینٹر پلیٹ میں واقع جناح ڈینٹل اسپتال کے احاطے میں دیکھا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو 1122 اور محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
تیندوا کئی گھنٹوں تک مختلف مقامات پر نظر آتا رہا اور ریسکیو ٹیموں کو متعدد بار چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
مزید پڑھیں: ہری پور: تیندوا آبادی میں گھس آیا، 4 بکریاں مار ڈالیں، علاقے میں خوف و ہراس
سرچ آپریشن میں پولیس اور وائلڈ لائف اہلکاروں کے ساتھ ساتھ مقامی رضاکار بھی شریک ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تیندوا کو بحفاظت قابو کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔













