سپریم کورٹ کے 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کروانے کے حکم پر عملد درآمد نہ ہو سکا

اتوار 14 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کروانے کے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل در آمد نہیں کیا۔

سپریم کورٹ نے پنجاب میں 14 مئی کو صوبائی اسمبلی کے انتخابات کا حکم دیا تھا تاہم الیکشن کمیشن اس پر عملدرآمد نہ کر سکا اور واضح احکامات کے باوجود آج پولنگ کے کوئی انتظامات نہیں کیے گئے۔

الیکشن کمیشن پولنگ اسٹاف کی ٹریننگ مکمل کرچکا ہے تاہم سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے فنڈز دیے اور نہ ہی سیکیورٹی، ووٹر لسٹیں جاری ہوئیں اور نہ ہی بیلٹ پیپرز کی چھپائی ہوئی۔

سپریم کورٹ میں دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال قرار دے چکے ہیں کہ 90 دن کی حد سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔

چیف جسٹس یہ بھی واضح کر چکے ہیں کہ عدالت کو اپنے فیصلے پرعمل درآمد کروانا ہے اور بڑی بڑی جنگوں کے دوران بھی الیکشن ہو چکے ہیں۔

سپریم کورٹ نے الیکشن سے متعلق کیس کی سماعت کل مقرر کر رکھی ہے۔

عدالت عظمیٰ میں وزارت دفاع کی جانب سے ملک میں بیک وقت الیکشن کی درخواست بھی زیر سماعت ہے جب کہ چیف جسٹس نے گزشتہ سماعت میں واضح کر دیا تھا کہ 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کا عدالتی فیصلہ برقرار ہے اگر سیاسی جماعتوں کے مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچے تو عدالت یہ فیصلہ لے کر بیٹھی نہیں رہے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp